متحدہ عرب امارات نے شام کی سرزمین میں اسرائیلی افواج کی جانب سے کھدائی اور بلڈوزنگ کی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے اور دفاعی مورچوں جسے ’’سوفا 53 لائن‘‘ کہا جاتا ہے کی تعمیر کی مذمت کی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی شام میں اسرائیلی کھدائی اور بلڈوزنگ آپریشنز دوبارہ شروع کرنے کی مذمت

مزید خبریں
ابو ظہبی۔6اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے شام کی سرزمین میں اسرائیلی افواج کی جانب سے کھدائی اور بلڈوزنگ کی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے اور دفاعی مورچوں جسے ’’سوفا 53 لائن‘‘ کہا جاتا ہے کی تعمیر کی مذمت کی ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے گزشتہ روز جاری بیان میں ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ شام کی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی اور اس کی سلامتی و استحکام کے لیے کسی بھی خطرے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شام کی سرزمین پر اسرائیل کے مسلسل حملے بین الاقوامی قانون اور شام و اسرائیل کے درمیان 1974 کے جنگ بندی و علیحدگی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جس کی پاسداری اسرائیل پر لازم ہے۔ وزارت خارجہ نے شام کے استحکام اور علاقائی سالمیت کے لیے متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیااور شامی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے تمام اقدامات کی حمایت کی جو ان کی سلامتی، امن، وقار، پُرامن بقائے باہمی اور ترقی کی خواہشات کی تکمیل میں مددگار ہوں۔ متحدہ عرب امارات نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری اقدامات کرتے ہوئے شام کی سرزمین پر اسرائیل کے بار بار ہونے والے حملوں کو روکے اور مزید کشیدگی کو روکے کیونکہ اس سے خطے میں تنائو بڑھ سکتا ہے اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔








