متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان کے نجی دورے پر رحیم یار خان پہنچ گئے

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان کے نجی دورے پر رحیم یار خان پہنچ گئے

رحیم یار خان۔25جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان بدھ کو پاکستان کے نجی دورے پر رحیم یار خان پہنچ گئے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ائیرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

ائیرپورٹ پر ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورہ کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں طے پانے والے مفاہمت کے حوالے سے بھرپور کام کیا جائے گا۔یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے والدپاکستان اور اس کے عوام سے بے پناہ محبت رکھتے تھے، وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں. انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔