ابوظہبی۔21نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیرِ اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے جمعہ کو دبئی ورلڈ سنٹرل (ڈی ڈبلیو سی ) میں جاری دبئی ایئرشو 2025 کی نمائش ایریا کا دورہ کیا، اور ہوا بازی، خلائی ٹیکنالوجی، ایئر موبیلیٹی اور دفاع کے شعبوں میں پیش کی گئی تازہ ترین جدید ٹیکنالوجیز کا جائزہ لیا۔ امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق دورے …
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر کا دبئی ایئرشو 2025 کا دورہ،تازہ ترین جدید ٹیکنالوجیز کا جائزہ لیا
ابوظہبی۔21نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیرِ اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے جمعہ کو دبئی ورلڈ سنٹرل (ڈی ڈبلیو سی ) میں جاری دبئی ایئرشو 2025 کی نمائش ایریا کا دورہ کیا، اور ہوا بازی، خلائی ٹیکنالوجی، ایئر موبیلیٹی اور دفاع کے شعبوں میں پیش کی گئی تازہ ترین جدید ٹیکنالوجیز کا جائزہ لیا۔

امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق دورے کے دوران ان کے ہمراہ دبئی کے دوسرے نائب شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم، صدر دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی، چیئرمین دبئی ایئرپورٹس اور چیئرمین و سی ای او ایمریٹس ایئرلائن گروپ احمد بن سعید المکتوم، اور صدر یو اے ای نیشنل اولمپک کمیٹی شیخ منصور بن محمد بن راشد المکتوم موجود تھے۔
اس موقع پر شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ دبئی ایئرشو آج ایک عالمی معیار کا پلیٹ فارم بن چکا ہے جو ہوا بازی اور خلائی صنعت کے رہنماؤں کو نئی ٹیکنالوجیز اور مستقبل کے رجحانات کے تعین کے لیے یکجا کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یو اے ای اس شعبے کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور کاروبار و صنعت کاروں کے لیے سازگار اقتصادی اور ریگولیٹری ماحول فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہوا بازی کا شعبہ قومی معیشت کی ترقی کا بنیادی محرک ہے، اور دبئی ایئرشو بین الاقوامی تعاون اور شراکت داری کو فروغ دے کر دبئی کی حیثیت کو جدید ہوا بازی اور ایرو سپیس ٹیکنالوجیز کے عالمی مرکز کے طور پر مضبوط کرتا ہے۔شیخ محمد کے مطابق ایئرشو میں عالمی سطح پر وسیع شرکت اور جدید حلوں کی نمائش خاص طور پر تحقیق، ترقی اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے میدان میںمتحدہ عرب امارات پر عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی ہمیشہ سے شراکت پر مبنی ماڈل کے تحت چلتا ہے جہاں حکومت اور صنعت نئے خیالات کی تیز رفتار آزمائش، توسیع اور عملی اطلاق کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔شیخ محمد بن راشد نے ایئرشو میں یو اے ای کی ایروبٹک ٹیم ’’الفرسان‘‘ سمیت مختلف بین الاقوامی ٹیموں کی فضائی مہارتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔بعد ازاں، انہوں نے متعدد پویلینز کا دورہ کیا، جہاں جدید سول ایوی ایشن سسٹمز، سمارٹ و پائیدار ٹیکنالوجیز، جدید طیارے، ڈرونز اور عالمی ہوا بازی کی تازہ ترین ایجادات پیش کی گئی تھیں۔









