محتسب پنجاب کی صوبہ بھر میں خاندانی پنشن سے متعلق زیر التوا شکایات پر پیش رفت،مستحقین کومجموعی طور پر7 کروڑ32 لاکھ روپے جاری

محتسب پنجاب کی موثر مداخلت کے نتیجے میں صوبہ بھر میں خاندانی پنشن سے متعلق زیر التوا شکایات پر پیش رفت کرتے ہوئے مجموعی طور پر7 کروڑ32 لاکھ روپے مستحقین کو جاری کر دیئے گئے

لاہور۔30اپریل (اے پی پی):محتسب پنجاب کی موثر مداخلت کے نتیجے میں صوبہ بھر میں خاندانی پنشن سے متعلق زیر التوا شکایات پر پیش رفت کرتے ہوئے مجموعی طور پر7 کروڑ32 لاکھ روپے مستحقین کو جاری کر دیئے گئے جبکہ ایک بیوہ کو بقایا جات کی مد میں 39 لاکھ روپے کی ادائیگی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ محتسب پنجاب کے ریجنل آفس ملتان سے جاری بیان کے مطابق ایک خاتون نے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے شوہر کے انتقال کے بعد ڈسٹرکٹ آفس ملتان کی جانب سے خاندانی پنشن بروقت جاری نہیں کی گئی، جس کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئیں۔خاتون کی درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دفتر محتسب پنجاب، ملتان نے متعلقہ حکام کے ساتھ موثر پیروی کی، جس کے نتیجے میں نہ صرف ان کی پنشن جاری کی گئی بلکہ بقایا جات کی مد میں39 لاکھ روپے کی ادائیگی بھی عمل میں لائی گئی۔ محتسب پنجاب کی ہدایات پر دیگر اضلاع میں بھی خاندانی پنشن سے متعلق شکایات کا ازالہ کیا گیا، جس کے تحت مجموعی طور پر کروڑوں روپے کی رقم مستحقین تک پہنچائی گئی، شکایت کنندگان نے بروقت داد رسی اور قانونی حقوق کے حصول میں معاونت پر محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا ہے۔