محرم الحرام ہمیں اعلیٰ انسانی اقدار کی بقا کیلئے ہر قوت کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اسلامی سال کے آغاز کے موقع پر پیغام

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں ہمارے بزرگانِ دین کی جانب سے اسلام کی خاطردی گئی قربانیوں کی یاد دلاتاہے، محرم الحرام ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں، صبر وبرداشت، استقامت و ہمت، حق گوئی اور اعلیٰ انسانی اقدار کی بقا کیلئے ہر قوت کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے۔ ایوان صدر …

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں ہمارے بزرگانِ دین کی جانب سے اسلام کی خاطردی گئی قربانیوں کی یاد دلاتاہے، محرم الحرام ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں، صبر وبرداشت، استقامت و ہمت، حق گوئی اور اعلیٰ انسانی اقدار کی بقا کیلئے ہر قوت کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی کیلنڈر کے سال1442ء ھ کا آغاز ہو چکاہے۔ اس بابرکت موقع پر میں پاکستانی قوم اور اہل اسلام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں اور خدائے ذوالجلال کے حضور دعا کرتاہوں کہ یہ ہجری سال ہم سب کے لئے باعثِ رحمت و برکت ہو، آمین۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے اور اس کا شما ر ان چار مقدس مہینوں میں ہوتا ہے جن کا ذکراسلامی تعلیمات میں عزت و عظمت والے مہینوں کی حیثیت سے ہوا ہے۔ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں ہمارے بزرگانِ دین کی جانب سے اسلام کی خاطردی گئی قربانیوں کی یاد دلاتاہے۔محرم الحرام ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں، صبر وبرداشت، استقامت و ہمت، حق گوئی اور اعلیٰ انسانی اقدار کی بقا کیلئے ہر قوت کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے۔ اس ماہ میں شہادت حضرت اما م حسین ?جو کہ حقیقت میں اسلام کی فلاح، اسلامی اصولوں کی پاسداری اور اس قربانی کا نتیجہ ہے جس کی بدولت ہماری تاریخ میں ایسے جانثار پیدا ہوتے رہے جنہوں نے ہمیشہ حق اور انصاف کا ساتھ دیا اور دین اسلام کی سربلندی کی خاطر جانوں کانذرانہ پیش کیا۔ یہ مہینہ ہمیں ظلم واستبداد کے سامنے ڈٹ جانے، اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کا سبق دیتا ہے۔بحیثیت ِ قوم ہمیں ماہِ محرم کی حرمت اور اس میں ہمارے اسلاف کی دی جانے والی قربانیوں کو سامنے رکھتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم اپنے وطن قوم کے تحفظ اور عالمِ انسانیت میں حق اور انصاف کے فروغ کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ نئے اسلامی سال کے آغاز پر ہم اس بات کا عزم کرتے ہیں کہ ہم باہمی اتحاد و اتفاق سے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کریں گے اور مذہبی منافرت اور فرقہ واریت سے بالاترہو کرملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کریں گے۔ جیسا کہ حال ہی میں پوری پاکستانی قوم نے مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا وائرس جیسی وبا پر قابو پایا، ہمیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے آئندہ بھی حفاظتی تدابیر پر عمل جاری رکھنا ہوگا۔اس اہم موقع پر پوری پاکستانی قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ مجالس اور جلوس کے دوران کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے علمائے کرام کی مشاورت سے جاری ہونے والے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ آنے والا ہجری سال ہمارے لیے کرونا وائرس سمیت ہر قسم کی آفات اور مصائب سے پاک ہواور یہ سال پاکستان، ملت اسلامیہ اور پوری انسانیت کے لیے امن وآشتی اور ترقی وخوشحالی کی نوید بن کر آئے، آمین۔

مزید خبریں