محمود خان اچکزئی کی ملک، آئین اور اداروں کے استحکام کے لیے حکومت کو غیر مشروط تعاون کی یقین دہانی
محمود خان اچکزئی کی ملک، آئین اور اداروں کے استحکام کے لیے حکومت کو غیر مشروط تعاون کی یقین دہانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے، آئین کی بالادستی اور قومی اداروں کو مستحکم کرنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت کو غیر مشروط تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے اپوزیشن حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ملک اور پارلیمنٹ کی طاقت کو مضبوط کرنے کے لئے ہم ہر ممکن تعاون کو تیار ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اس ہاؤس (پارلیمنٹ) کی طاقت اور پاکستان کے لئے جو بھی سپورٹ چاہئے، ہماری طرف سے وہ سپورٹ غیر مشروط ہے، ہمیں نہ کوئی پیسہ چاہئے اور نہ ہی کوئی پرمٹ، آپ بسم اللہ کریں اور پارلیمنٹ کو مضبوط بنائیں۔اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم شہباز شریف کے گزشتہ بیان "پاکستان ہے تو ہم ہیں” کی 100 فیصد تائید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات بالکل درست ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آسمان میں لٹکی ہوئی کوئی چیز نہیں بلکہ پاکستان نام ہے بلوچستان، پشتونخوا، سندھ، سرائیکی علاقے، پنجاب اور کشمیر کا، جب ان تمام علاقوں میں خوشحالی، امن و امان اور انصاف ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا۔انہوں نے ایک ایسے جمہوری پاکستان کی وکالت کی جہاں آئین اور قانون کا احترام ہو، عدلیہ، پارلیمنٹ اور تمام ادارے اپنے اپنے آئینی دائرہ کار (فریم) میں رہ کر کام کریں اور پارلیمنٹ ہی داخلہ و خارجہ پالیسی کا اصل سرچشمہ ہو۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر ملک کو جمہوری انداز میں چلایا جائے، جہاں کمزور کو جینے کا حق اور روٹی میسر ہو، تو ایسا پاکستان قیامت تک زندہ اور قائم رہے گا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر تمام قومیتوں کو ساتھ لے کر چلا جائے تاکہ ملک دشمن عناصر کو شکست دی جا سکے۔








