محکمہ ریلوے تمام خیراتی اداروں کی امداد بلا معاوضہ متاثرین تک پہنچائے گا،خواجہ سعد رفیق

لاہور۔1اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان میں سیلابی صورتحال سے متاثرہ علاقوں میں راشن اور طبی امداد کی فراہمی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کی میڈیکل ٹیمیں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے روانہ کر دی گئیں۔خواجہ سعد رفیق نے جھل مگسی، قلعہ عبداللہ اور نوشکی میں ریلیف کیمپ قائم کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔

انہوں نے کہا کہ کان مہترزئی اور اوستا محمد میں ریلوے ٹیمیں آن کال موجود ہیں۔ویلفئیر آرگنائزیشنز اور مخیر حضرات سے امداد کی کلیکشن کے لیے کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، ساہیوال اور لاہور اسٹیشنز پر پوائنٹس بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ محکمہ ریلوے تمام خیراتی اداروں کی امداد بلا معاوضہ متاثرین تک پہنچائے گا،ریلوے ٹیموں کو سندھ اور بلوچستان کی ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے سے بھی مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انتظامیہ کی مدد کے لیے ریلوے ٹیموں میں ریلوے اسکاٹس بھی شامل کر دئیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ جی ایم ویلفئیر شعیب عادل کو فلڈ ریلیف آپریشن کا فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے،24 گھنٹے ان کے موبائل نمبر03008386753 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے گریڈ سترہ سے بائیس کے تمام افسران ایک روز کی تنخواہ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کروائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس مہم کی نگرانی کر یں گے اور خود بھی حصہ لیں گے۔