محکمہ صنعت اور ہانگ کانگ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے مابین پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے معاہدہ

لاہور۔20ستمبر (اے پی پی):محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور ہانگ کانگ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے مابین سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے باہمی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اورکنٹری ہیڈ ہانگ کانگ وہاب طارق بٹ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ترجمان کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب پیسک ہائوس میں منعقد ہوئی۔ معاہدے کی رو سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ،تجارتی وفود …

لاہور۔20ستمبر (اے پی پی):محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور ہانگ کانگ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے مابین سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے باہمی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اورکنٹری ہیڈ ہانگ کانگ وہاب طارق بٹ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ترجمان کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب پیسک ہائوس میں منعقد ہوئی۔ معاہدے کی رو سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ،تجارتی وفود کے تبادلوں اور بزنس سیمینارز کے انعقاد کیلئے باہمی سہولت کاری کی جائے گی اور ہانگ کانگ،چین و خطے کے دیگر علاقوں کے سرمایہ کاروں کے مابین روابط بڑھائے جائیں گے۔

سرمایہ کاری کے فروغ اور خطے کے سرمایہ کاروں کے مابین روابط بڑھانے کے حوالے سے وہاب طارق بٹ کو آرڈینیٹر نامزد کردیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنا اور نئی سرمایہ کاری لانا میرا مشن ہے، صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول موجود اور پنجاب ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کی پہلی ترجیح بن چکا ہے، بہت سی غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں تیزی سے اپنے صنعتی یونٹ لگا رہی ہیں،غیرملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے صنعتی یونٹس لگنے سے روزگار کے مواقع بڑھنے کے ساتھ ٹیکنالوجی بھی ٹرانسفر ہو رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ صنعت و تجارت اور ہانگ کانگ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے مابین تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے،معاہدے پر عملدرآمد سے پنجاب میں چین، ہانگ کانگ اور خطے کے دیگر ممالک سے مزید سرمایہ کاری آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل،زراعت،انفارمیشن ٹیکنالوجی،توانائی،الیکٹرک وہیکلز اور دیگر شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے،پنجاب میں غیر ملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات کے اسمبلنگ اور مینو فیکچرنگ پلانٹ لگا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہانگ کانگ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے ساتھ مل کر پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں مزید سرمایہ کاری لائی جائے گی۔