میکسیکو میں افتتاحی تقریب کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کا باضابطہ آغاز ہوگیا،ترجمان

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق میکسیکو سٹی میں شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا باضابطہ آغاز ہو گیا، جس کے ساتھ ہی عالمی فٹ بال کا سب سے بڑا میلہ سج گیا۔

لاہور۔11جون (اے پی پی):پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق میکسیکو سٹی میں شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا باضابطہ آغاز ہو گیا، جس کے ساتھ ہی عالمی فٹ بال کا سب سے بڑا میلہ سج گیا۔ دنیا بھر سے فٹ بال کے اعلی حکام، فیفا عہدیداران، مختلف قومی فٹ بال فیڈریشنز کے نمائندے اور معزز مہمان اس تاریخی موقع پر شریک ہوئے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں 2 رکنی پاکستانی وفد نے بھی افتتاحی تقریب اور فیفا کی جانب سے منعقدہ آفیشل ڈنر میں شرکت کی۔ پاکستانی وفد میں پی ایف ایف کے صدر کے ہمراہ چیف آپریٹنگ آفیسرشامل تھے۔ افتتاحی تقریب کے دوران میزبان ملک میکسیکو کے صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیفا ورلڈ کپ2026 تاریخ کا سب سے بڑا عالمی کھیلوں کا ایونٹ ثابت ہوگا اور ان کا ملک اس عظیم مقابلے کی میزبانی یادگار، مثالی اور کامیاب انداز میں انجام دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی تاکہ دنیا بھر سے آنے والے شائقین کو بہترین تجربہ فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے شاندار افتتاحی تقریب اور میزبانی کے غیر معمولی عزم پر میکسیکو کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے شریک میزبان ممالک امریکہ اور کینیڈا کا بھی بہترین انتظامات اور بھرپور تیاریوں پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ تین ممالک کی مشترکہ میزبانی اس ٹورنامنٹ کو منفرد اور یادگار بنائے گی جبکہ فٹ بال کے فروغ اور عالمی یکجہتی کے لیے بھی یہ ایونٹ اہم کردار ادا کرے گا۔ ورلڈ کپ کے موقع پر پاکستانی وفد نے مختلف ممالک کی فٹ بال ایسوسی ایشنز کے سربراہان اور اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، اس دوران باہمی دلچسپی کے امور، فٹ بال کے فروغ، بین الاقوامی تعاون اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان روابط سے پاکستان فٹ بال کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی فٹ بال برادری کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ فیفا ورلڈ کپ2026 کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کی نظریں اب اس تاریخی ٹورنامنٹ پر مرکوز ہو گئی ہیں، جسے تاریخ کے سب سے بڑے عالمی فٹ بال ایونٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔