مالی سال26 ۔ 2025 کے ادائیگی کلیمز جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 جون ہے ، اے جی پی آر اسلام آباد

اکائونٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) اسلام آباد نے تمام متعلقہ محکموں کو آگاہ کیا ہے کہ مالی سال 26 ۔ 2025 سے متعلق ادائیگی کے کلیمز جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 جون 2026 ہے

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):اکائونٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) اسلام آباد نے تمام متعلقہ محکموں کو آگاہ کیا ہے کہ مالی سال 26 ۔ 2025 سے متعلق ادائیگی کے کلیمز جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 جون 2026 ہے۔ مالی سال کے اختتام کے پیش نظر اس تاریخ کے بعد کوئی نیا کلیم وصول نہیں کیا جائے گا۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (ڈی ڈی اوز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ اب تک حاصل کی گئی خدمات اور کی گئی خریداریوں سے متعلق تمام نئے ادائیگی کلیمز 12 جون 2026ء تک جمع کرائیں۔ اسی طرح وہ تمام بل اور کلیمز جو کسی وجہ سے پاس نہیں ہو سکے اور جن کے ٹوکن پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں، انہیں بھی اسی تاریخ تک دوبارہ جمع کرانا ضروری ہوگا۔اے جی پی آر کے مطابق 15 جون 2026ء ان تمام غیر منظور شدہ بلوں کی دوبارہ جمع آوری کی آخری تاریخ ہوگی جن کے ٹوکن 12 جون 2026ء تک جاری کیے گئے ہوں گے۔اے جی پی آر اسلام آباد اور اس کے ذیلی دفاتر کے زیر انتظام اسائنمنٹ اکائونٹس کے لیے 19 جون 2026ء کو ریلیزز جمع کرانے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 12 جون 2026ء کے بعد اعزازیہ (Honorarium) سے متعلق کوئی کلیم قبول نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح آف سائیکل ادائیگیوں سے متعلق کمپیوٹر چینج اسٹیٹمنٹس صرف 11 جون 2026ء تک وصول کیے جائیں گے جبکہ ان کی پراسیسنگ عارضی طور پر 16 جون 2026ء کو متوقع ہے۔اے جی پی آر نے تمام ڈی ڈی اوز کو ہدایت کی ہے کہ تنخواہوں اور دیگر مالی معاملات میں تاخیر سے بچنے کے لیے کمپیوٹر چینج اسٹیٹمنٹس اور رسیدِ تبدیلی (Manual Pay) کے مقدمات بروقت جمع کرانے کو یقینی بنائیں۔محکمے نے واضح کیا ہے کہ موجودہ مالی سال سے متعلق تنخواہوں کے چیک مالی سال 26 ۔ 2025 کے اختتام کے ساتھ ہی غیر موثر ہو جائیں گے۔ 30 جون 2026ء کے بعد موجودہ مالی سال کا کوئی متبادل چیک جاری نہیں کیا جائے گا۔تمام متعلقہ دفاتر پر زور دیا گیا ہے کہ مالی سال کے اختتامی مراحل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے اور کلیمز کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے مقررہ ڈیڈ لائنز پر سختی سے عمل کریں۔