تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے میں پولیس اور موٹر سائیکل سوار ملزمان کے درمیان فائرنگ،ایک ڈاکو ہلاک

تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے میں پولیس اور موٹر سائیکل سوار ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل خورشید ایاز شدید زخمی ہو گئے

راولپنڈی۔11جون (اے پی پی):تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے میں پولیس اور موٹر سائیکل سوار ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل خورشید ایاز شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق دوران چیکنگ مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی،جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور نیوٹاؤن کے علاقے سے چوری کیا گیا موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت نائجل عرف شیرون کے نام سے ہوئی ہے جو ڈکیتی معہ قتل سمیت متعدد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو ڈکیتی معہ قتل کے ایک مقدمے میں معزز عدالت سے سزا بھی ہو چکی تھی، اس نے دو ہفتے قبل دوران ڈکیتی ایک شہری کو قتل بھی کیا تھا۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے ڈاکوؤں کی فائرنگ کے باوجود بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔