سوات، حیم درہ کے پہاڑی سلسلے میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں جاری

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی ہدایات پر کبل کے علاقے حیم درہ کے پہاڑی سلسلے میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیمیں، محکمہ جنگلات کا عملہ، سول ڈیفنس کے اہلکار اور ٹی ایم اے کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا

پشاور۔ 11 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی ہدایات پر کبل کے علاقے حیم درہ کے پہاڑی سلسلے میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیمیں، محکمہ جنگلات کا عملہ، سول ڈیفنس کے اہلکار اور ٹی ایم اے کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا۔ڈپٹی کمشنر سوات کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق تمام متعلقہ ادارے مقامی آبادی کے تعاون سے آگ پر قابو پانے اور اسے مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مسلسل امدادی و فائر فائٹنگ سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور عوام کے جان و مال اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نےعوام سے بھی اپیل کی ہے کہ جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔