مدارس اسلامی تعلیمات کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اتحادِ تنظیماتِ مدارس کے وفد سےملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر کے مدارس اسلامی تعلیمات کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں، حکومت کی خواہش ہے کہ اس نیک سماجی خدمت میں مدارس کا ہاتھ بٹائے، مدارس پاکستانی اور اسلامی این جی او زکا بڑا نیٹ ورک ہیں، مدارس کی تعلیمی اور سماجی خدمات میں علما ئے کرام کی مشاورت سے ہر ممکن تعاون کریں گے، مفتی اعظم پاکستان رفیع عثمانی مرحوم کی دین اسلام کے لئے خدمات کا عالم اسلام معترف ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اتحادِ تنظیماتِ مدارس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں صدر جمیعتِ علماءِ اسلام مولانا فضل الرحمن، مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا مفتی منیب الرحمن، صاحبزادہ عبدالمصطفی ہزاروی، سینیٹر پروفیسر ساجد میر، مولانا عبدالمالک، مولانا افضل حیدری، مولانا عبدالکبیر آزاد اور مولانا فضل رحیم اشرفی کے علاوہ دیگر جید علما کے ساتھ ساتھ وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ خان، مفتی عبدالشکور، معاونِ خصوصی سید فہد حیسن اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

وفد نے وزیرِ اعظم کو مدارس کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے مدارس کے منتظمین کو یقین دلایا کہ حکومت ان مدارس کے انتظام کے حوالے سے انہیں ذیادہ سے ذیادہ خودمختاری دینے کے ساتھ ساتھ نہ صرف ان کے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید سہل بلکہ ان مدارس میں جدید دور کے تقاضوں کہ مطابق تعلیم کی فراہمی میں ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ان کیلئے جید علما کے وفد سے ملاقات باعثِ مسرت و عزت ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ آپ تمام علما کی ملک میں دینی شعبے کی تعلیم و تدریس کیلئے خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ دینی مدارس میں ملک کے چالیس سے پچاس لاکھ طلبا مفت دینی تعلیم سے فیضیاب ہو رہے ہیں جن میں حفظِ قرآن پاک بھی کروایا جاتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ مدارس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کا تحفظ کیا ہے۔