اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):مسابقتی کمیشن پاکستان نے کہا ہے کہ سال 2025 کے دوران صارفین کو گمراہ کرنے والی اور دھوکہ دہی پر مبنی تشہیری سرگرمیوں کے خلاف رئیل سٹیٹ، گھریلوں کچن کی اشیا، آٹوموبائل، تعلیم، کاسمیٹکس اور زرعی مشینری کے شعبوں میں مؤثر کارروائیاں انجام دیں اور صارفین کے تحفظ اور مارکیٹ میں منصفانہ مقابلے کو یقینی بنایا۔ منگل کو مسابقتی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے …
مسابقتی کمیشن کی گمراہ کن تشہیر کے خلاف مؤثر کارروائیاں،جرمانے عائد

مزید خبریں
اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):مسابقتی کمیشن پاکستان نے کہا ہے کہ سال 2025 کے دوران صارفین کو گمراہ کرنے والی اور دھوکہ دہی پر مبنی تشہیری سرگرمیوں کے خلاف رئیل سٹیٹ، گھریلوں کچن کی اشیا، آٹوموبائل، تعلیم، کاسمیٹکس اور زرعی مشینری کے شعبوں میں مؤثر کارروائیاں انجام دیں اور صارفین کے تحفظ اور مارکیٹ میں منصفانہ مقابلے کو یقینی بنایا۔
منگل کو مسابقتی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رئیل سٹیٹ کے شعبے میں کمیشن نے اسلام آباد ریجن میں ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ڈویلپرز کی جانب سے گمراہ کن اشتہارات کے خلاف بڑی انکوائری شروع کی ، کمیشن کے مارکیٹ انٹیلی جنس یونٹ اور آفس آف فیئر ٹریڈ کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر متعدد رئیل سٹیٹ منصوبوں میں انکوائری شروع کی گئی جو کہ خود کو اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی حدود میں ظاہر کر رہے تھے یا خود کو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے منظور شدہ بتا رہے تھے حالانکہ یہ منصوبے اسلام آباد سے باہر واقع ہیں۔
اس سلسلے میں ایک اہم کیس میں کمیشن نے میسرز کنگڈم ویلی (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر غلط تشہیر اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے منسلک ہونے کا غلط دعوی کرنے پر پندرہ کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ کنگڈم ویلی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی جو کہ خارج کر دی گئی جبکہ کمپٹیشن اپیلیٹ ٹریبونل نے بھی جرمانے کی ریکوری پر سٹے دینے سے انکار کر دیا۔مسابقتی کمیشن نے کمپنی کے بینک اکاؤنٹس منسلک کر کے دو کروڑ ستر لاکھ روپے ریکور کر لئے۔ اسی طرح صارفین کی کچن اشیاء کے شعبے میں مسابقتی کمیشن نے سکن وائٹننگ کریمز میں مرکری کے خطرناک حد تک استعمال کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
آٹوموبائل کے شعبے میں کمیشن نے ہنڈائی نشاط کی لانچ کے موقع پر قیمتوں کے حوالے سے گمراہ کن تشہیر پر نشاط ہنڈائی موٹرز پر ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا۔ تعلیم کے شعبے میں برٹش لیسیئم (پرائیویٹ) لمیٹڈ پر ٹیچرز کی ہائرنگ کے متعلق گمراہ کن اخباری اشتہار شائع کرنے پرپچاس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ زرعی مشینری کے شعبے میں الغازی ٹریکٹرز لمیٹڈ پر “30 فیصد تک اضافی ڈیزل بچت” کے غیر مصدقہ دعوے پر چار کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔دھوکہ دہی پر مبنی تشہیر سے متعلق عدالتی کارروائیوں میں کمپٹیشن اپیلیٹ ٹریبونل نےسٹریپسلز کیس میں ریکٹ بینکیزر کی اپیل عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی اور کمپنی پر پندرہ کروڑ روپے جرمانہ برقرار رکھا۔ ٹریبونل نے پریما ملک ، ڈائمنڈ پینٹس اور N لائف میڈ فارماسیوٹیکلز کے خلاف بھی کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔








