مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی آباد کاروں کے حملے قابل مذمت ہیں، سعودی عرب

ریاض۔29مارچ (اے پی پی):سعودی عرب نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی آباد کاروں کے دھاوے قابل مذمت ہیں۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے قابض اسرائیل افواج کی موجودگی میں مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی آباد کاروں کے جارحانہ عمل کی مذمت کرتے ہوئے اسے سختی سے مسترد کر دیا ۔

دفتر خارجہ نے بیان میں خبردار کیا ہے کہ قبلہ اول مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں آباد کاروں کی در اندازی امن کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا باعث ہیں۔ بیان میں باور کرایا گیا کہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے واقعات امن کوششوں کو تباہ کرنے اور مقامات مقدسات کے حوالے سے مسلمہ بین الاقوامی اصولوں اور روایات کی خلاف ورزی ہے۔

دفتر خارجہ نے مملکت کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے جامع و منصفانہ حل تک رسائی اور ناجائز قبضے کے خاتمے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کی حمایت کرتا رہے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ 1967 کی سرحدوں پر مشتمل ایک خود مختار فلسطینی ریاست قائم ہو جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔