مسلسل تنقید کے بعد بالآخر مریم نواز نے نوجوانوں کی طاقت کو پہچان لیا،مریم نواز نے نوجوانوں سے ماضی میں جو ہاتھ کیا اس کی مکمل معلومات میرے پاس ہیں‘ عثمان ڈار

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے مریم نواز کی جانب سے شیر جوان فورس قائم کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا اور کہا کہ خوشی ہے کہ مسلسل تنقید کے بعد بالآخر مریم نواز نے نوجوانوں کی طاقت کو پہچان لیا ہے،مریم نواز نے نوجوانوں سے ماضی میں جو ہاتھ کیا اس کی مکمل معلومات میرے پاس ہیں۔ اتوار …

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے مریم نواز کی جانب سے شیر جوان فورس قائم کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا اور کہا کہ خوشی ہے کہ مسلسل تنقید کے بعد بالآخر مریم نواز نے نوجوانوں کی طاقت کو پہچان لیا ہے،مریم نواز نے نوجوانوں سے ماضی میں جو ہاتھ کیا اس کی مکمل معلومات میرے پاس ہیں۔ اتوار کو شیر جوان فورس قائم کرنے پر اپنے رد عمل میں عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا مثبت اقدام ہے، ٹائیگر فورس پر دن رات تنقید کرنے والوں کو نوجوانوں کے حق میں بولتے دیکھنا بہترین لمحہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب قوم کو سمجھ آجاناچاہئے کہ ٹائیگر فورس کے معاملے کو سیاسی کیوں بنایا جاتا رہا؟ ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ٹائیگر فورس کا قیام خالصتا قومی خدمت کے جذبے کے پیش نظر کیا گیا ہے، لاکھوں نوجوانوں نے صرف قومی خدمت کے نظریے پر ٹائیگر فورس میں شمولیت اختیار کی۔ عثمان ڈارنے کہا کہ مریم نواز نے صرف سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے شیر جوان فورس قائم کی۔ انہوں نے کہا قومی خدمت کے نظریے کی بجائے نوجوانوں کو کرپشن بچاو مہم کا حصہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، مریم نواز نے نوجوانوں سے ماضی میں جو ہاتھ کیا اس کی مکمل معلومات میرے پاس ہیں، بطور یوتھ پروگرام چیئر پرسن مریم نواز نے نوجوانوں کے وسائل کو بے دردی سے ضائع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم بتائیں کہ یوتھ پروگرام سے کتنے نوجوانوںکو روزگار دیا گیا؟۔ لیپ ٹاپ بانٹ کر نوجوانوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی۔ عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم آفس میں بیٹھ کر من پسند لوگوں کو قرض دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، باقاعدہ منصوبہ بندی کی جاتی تھی کہ کس طرح من پسند اور رشتہ داروں میں پیسہ بانٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے حصہ کی رقم اپنوں میں بانٹ کر لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پہلی بار نوجوانوں کو ان کا حق دلانے کا مشن شروع کیا اورنوجوانوںکو تاریخ میں پہلی بار ملکی فیصلہ سازی میں شامل کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ با عزت روزگار کی فراہمی کیلئے اب تک کا سب سے بڑا روزگار پروگرام لانچ کیا گیا، امید ہے مریم نواز نوجوانوں کے سیاسی استعمال کی بجائے تعمیری سرگرمیوں کا حصہ بنائیں گی۔