اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے مسلم لیگ کے 119 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل اور راجہ خرم نواز سمیت پارٹی رہنمائوں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان …
مسلم لیگ ن کا یوم تاسیس ہماری سیاسی تاریخ، طویل جدوجہد اور قومی عزم کی روشن علامت ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

مزید خبریں
اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے مسلم لیگ کے 119 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل اور راجہ خرم نواز سمیت پارٹی رہنمائوں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا یوم تاسیس ہماری سیاسی تاریخ، طویل جدوجہد اور قومی عزم کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے 119 ویں یوم تاسیس پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کی بنیاد ایک واضح نظریے، مقصد اور قومی شعور پر رکھی گئی تھی۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ برصغیر میں مسلمانوں کی زندگی اجیرن بنا دی گئی تھی، ایسے میں علامہ محمد اقبال نے اپنے فکر و فلسفے سے مسلمانوں کو ایک نیا نظریہ دیا اور خودی کی پہچان کے شعور کواجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں جذبہ حریت کو بیدار کیا اور 37 خطوط کے ذریعے قائداعظم محمد علی جناح کو مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد کی قیادت سنبھالنے پر آمادہ کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان گولی سے نہیں بلکہ دلیل، آئین اور قانون کے ذریعے حاصل کیا۔ شدید بیماری کے باوجود قائداعظم نے آزادی کی جدوجہد میں کوئی کمی نہ آنے دی بلکہ تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا قیام کسی غریب یا کمزور ریاست کے اضافے کے لیے نہیں تھا بلکہ ایک نظریاتی ریاست کے قیام کے لیے تھا جس کی بنیاد نبی کریمﷺ کے اسوہ پر رکھی گئی۔احسن اقبال نے کہا کہ آج بھارت کی جانب سے وہی سازشیں دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں جو ماضی میں پاکستان کے خلاف کی جاتی تھیں تاہم دنیا دیکھ رہی ہے کہ بنگالی عوام نے بھی بھارتی سازشوں کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال نے مسلم لیگ میں ایک نئی روح پھونکی جو آج بھی ہماری جدوجہد کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) سے اقتدار چھینا گیا، ملک کو لوٹ مار، بدحالی اور عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جب بھی مسلم لیگ (ن) نے قیادت سنبھالی، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج دنیا ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے نئے انقلابات برپا کر رہی ہے مگر بدقسمتی سے امت مسلمہ علم اور تحقیق میں پیچھے رہ گئی جس کے باعث دو ارب مسلمانوں کے ہوتے ہوئے بھی مظلوموں کی موثر مدد نہ ہو سکی اور فلسطین میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم دوبارہ علم اور تحقیق کی طرف لوٹیں، کیونکہ قرآن ہمیں تسخیرِ کائنات کی تعلیم دیتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کے ذریعے ملک میں تعمیر نو کی ایک نئی تحریک شروع ہو چکی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم معرکہ حق جیت چکے ہیں، اب ہمیں معرکہ ترقی جیتنا ہے جس کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر محنت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آج ہمارے پاس بجٹ، وسائل اور صلاحیتیں موجود ہیں اور ہم 2035ء تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بن کر پوری دنیا کو دکھا سکتے ہیں، بشرطیکہ ہم قائداعظم کے سنہری اصول اتحاد، ایمان اور تنظیم پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نظم و ضبط کے ساتھ دنیا کو دکھانا ہے کہ ہم اپنے قائد کے فرمان پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر مذہب اور طبقے کا فرد وطن کے دفاع کے لیے جان قربان کرنے کو تیار ہے۔
احسن اقبال نے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ وہ مایہ ناز کارکن ہیں جو مشکل ترین حالات میں بھی جماعت کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔احسن اقبال نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان پر بری نظر نہیں ڈال سکتا اور نہ ہی پاکستان کی افواج پر کوئی میلی نگاہ ڈالنے کی جرت کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جس کھیل میں مصروف ہے وہ دشمنوں کے ایجنڈے کو تقویت دے رہی ہے، اس لیے ایسے عناصر کے کھیل کا حصہ نہ بنیں جو پاکستان اور اس کی افواج کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک مسلم لیگ (ن) موجود ہے، پاکستان کی افواج کا دفاع ہماری ذمہ داری ہے۔ اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ جس طرح آج دنیا پاکستان سے دفاعی حکمت عملی سیکھ رہی ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی معاشی کامیابی سے بھی دنیا رہنمائی حاصل کرے گی۔








