مشعال حسین ملک کاپمز کے المناک واقعے پر اظہارِ افسوس، حفاظتی اقدامات کا مطالبہ
مشعال حسین ملک کاپمز کے المناک واقعے پر اظہارِ افسوس، حفاظتی اقدامات کا مطالبہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن اور حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد کے بچوں کے وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں معصوم بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسپتالوں میں مریضوں اور بچوں کے تحفظ کے لیے موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بدھ کواپنے بیان میں مشعال ملک نے آتشزدگی کے واقعے کو انتہائی دلخراش قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی ہلاکت نے کئی خاندانوں کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق بچوں کے والدین جس درد اور کرب سے گزر رہے ہیں، اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ان معصوم جانوں کا ضیاع ہر حساس دل کے لیے ایک صدمہ ہے۔
مشعال ملک نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کو اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو یہ المناک صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر اور حوصلہ عطا کرے۔انہوں نے حکام پر زور دیا کہ اسپتالوں، بالخصوص بچوں کے وارڈز میں موثر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ مریضوں کی حفاظت کی جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو۔







