مصر کی متحدہ عرب امارات میں دہشت گردسازش کی مذمت

مصر نے متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام کو نشانہ بنانے کی ناکام سازش کی مذمت کی ہے، اماراتی حکام نے دہشت گردی اور تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنے والے ایک نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

قاہرہ۔21اپریل (اے پی پی):مصر نے متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام کو نشانہ بنانے کی ناکام سازش کی مذمت کی ہے، اماراتی حکام نے دہشت گردی اور تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنے والے ایک نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق مصری وزارت خارجہ نے اس سازش کو علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے اور اماراتی حکام کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے جس کے ذریعے اس منصوبے کو ناکام بنا کر مذکورہ نیٹ ورک کو ختم کیا گیا۔

مصر نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور استحکام کو درپیش خطرات کے خلاف حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا، اور ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کو مسترد کرنے پر زور دیا۔مصری وزارتِ خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی مصر اور وسیع عرب خطے کی سلامتی کا لازمی حصہ ہے، اور خلیجی ممالک کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کو سختی سے مسترد کیا جاتا ہے۔