معاشی مشکلات کے باوجود ٹیکس کے بنیادی اہداف حاصل کرلیں گے،وزیر مملکت برائے خزانہ

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ معاشی مشکلات کے باوجود ٹیکس محصولات کے بنیادی اہداف حاصل کرلیں گے،مختلف شعبہ جات میں انوائس سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ معاشی مشکلات کے باوجود ٹیکس محصولات کے بنیادی اہداف حاصل کرلیں گے،مختلف شعبہ جات میں انوائس سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے،ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نصب کیا جارہا ہے۔منگل کو قومی اسمبلی میں جمیعت علمائے اسلام کی رکن عالیہ کامران کے رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران ٹیکس ریونیو میں کمی سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ایران کی جنگ سے پہلے پٹرول پر 84 روپے اور 76 روپے ڈیزل پر لیوی تھی جو حکومت نے واپس لے لی۔حکومت نے موجودہ صورتحال میں تین ہفتوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھنے دیں اور لائنیں بھی نہیں لگنے دیں اور تیل کی فراہمی یقینی بنائی ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ہفتے تک اربوں روپے کی سبسڈی دینے کے بعد جب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوگیا تب تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت سے قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ کیاگیا تاہم ساتھ ہی سبسڈی کا بھی اعلان کیا گیا۔کسان،تاجر،ملازمت پیشہ افراد،ٹرانسپورٹر،موٹر سائیکل والے کو سبسڈی دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے129 ارب روپے کی سبسڈی دی۔وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے اپنے وسائل،اپنی معاشی صورتحال کو بھی دیکھنا ہے۔آج ساری دنیا اس صورت حال سے متاثر ہے۔ترقی یافتہ ممالک میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے جس سے امریکا بھی متاثر ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کی طرف پیش رفت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو بھی اس صورتحال کے بعد جاری رکھنے کے لئے کوشاں ہیں۔حکومت نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں،مزید بھی اٹھائیں گے۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو اس کے بوجھ سے بچانے کی کوششیں صوبوں کے ساتھ مل کر جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے سفر کو بھی جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پروڈکشن مانیٹرنگ،ٹیکس نیٹ میں وسعت لائی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال محصولات کا پرائمری ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔فروری میں کچھ فرق ضرور ہے۔اس کے باوجود حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں 80 روپے فی لیٹر کمی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت شوگر،سیمنٹ،ٹوبیکو سمیت دیگر شعبہ جات میں ڈیجیٹل انوائس سسٹم متعارف کرا رہی ہے،کیمرے نصب کرکے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لایا گیا ہے ۔ معاشی مشکلات کے باوجود اپنے پرائمری اہداف حاصل کریں گے اور عوام کو بھی مشکلات سے بچانے کے لئے کوشاں ہیں۔آج کل جنگ کے حالات ہیں ہم نے اپنے عوام کو بھی اس کے اثرات سے بچانا ہے اور معاشی استحکام کو بھی جاری رکھنا ہے۔