اسلام آباد ۔ 31 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے سعودی ہم منصب ترکی بن عبداللہ الشبانہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعاون بڑھانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام کے حقیقی چہرے کو اجاگر کرنے کیلئے سعودی عرب کیساتھ مشترکہ …
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے سعودی ہم منصب ترکی بن عبداللہ الشبانہ کی ملاقات
اسلام آباد ۔ 31 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے سعودی ہم منصب ترکی بن عبداللہ الشبانہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعاون بڑھانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام کے حقیقی چہرے کو اجاگر کرنے کیلئے سعودی عرب کیساتھ مشترکہ کمیونیکیشن سٹریٹیجی ترتیب دینے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ فلم، ثقافت اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون دونوں ملکوں کے مابین لوگوں کے آپسی روابط کو مضبوط کرنے کیلئے اہم ہے،ان شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے تشخص کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین ڈبنگ کیساتھ ڈراموں کے تبادلوں کی تجویز دی اور کہا کہ فلم اور ڈرامے کسی بھی معاشرے کی اقدار اور ثقافت کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہوتے ہیں،ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اپنے ہیروز سے روشناس کروانا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سیاحت کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں,فلم کے شعبے میں تعاون پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی خوبصورتی اور حسین مقامات کو اجاگر کرنے میں کارگر ثابت ہو گا۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا دونوں ممالک کے ریڈیو کے شعبے میں تعاون مضبوط کرنے کی اہمیت پر زوردیا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے صحافیوں کے وفود کے تبادلے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ حاصل کرنے کا باعث بنیں گے،پاکستان کے عوام سعودی قیادت اور لوگوں سے والہانہ محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان نے دونوں ممالک کے مابین تاریخی ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔سعودی وزیر اطلاعات ترکی بن عبداللہ الشبانہ نے کہا کہ بطور وزیر اطلاعات یہ کسی بھی ملک میں یہ میرا پہلا دورہ ہے۔









