معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کی جتنی ذمہ داری حکومت کی ہے، اتنی ہی عوام پر ہے، حکومت محدود وسائل کے باوجود عوام کو وباءسے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے لیکن عوام کے تعاون کے بغیر اسے شکست دینا نا ممکن ہے، بانی …

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کی جتنی ذمہ داری حکومت کی ہے، اتنی ہی عوام پر ہے، حکومت محدود وسائل کے باوجود عوام کو وباءسے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے لیکن عوام کے تعاون کے بغیر اسے شکست دینا نا ممکن ہے، بانی پاکستان نے بھی اتحاد اور یک جہتی کا پیغام دیا ہے، عوام ساتھ دے تو حکومت ملک میں بغیر کسی بڑے سانحہ کے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے پر امید ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی نے کہا کہ وفاقی حکومت ایک طریقہ کار کے تحت سب کو ساتھ لیکر چل رہی ہے، وائرس سے نمٹنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، تمام صوبے ضرورت کے پیش نظر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے میں حالات مختلف ہیں اور وائرس کے پھیلنے کی شرح بھی مختلف ہے اس لئے مقامی سطح پر اقدامات ضروری ہیں، تمام صوبائی حکومتیں اپنا اپنا کام کر رہی ہے اور وفاق نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ (این ڈی ایم اے) کے ذریعے معاملات دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کے لفظ کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے، حکومت نے ملک میں وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے عوامی اور مذہبی اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات پر پابندی لگانے کے ساتھ ساتھ سکول، شاپنگ مالز اور سینما گھر بند کئے۔ معاون خصوصی برائے قومی سلامتی نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبے خود مختار ہیں اور وہ اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں، سندھ حکومت نے ضرورت پڑنے پر لاک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا، نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی باقاعدگی کے ساتھ صورتحال کو دیکھ کر فیصلے کر رہی ہے، عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، شہریوں کو چاہیے کہ غیرضروری گھروں سے نہ نکلیں، کثرت کے ساتھ ہاتھ دھوئیں، سماجی فاصلہ رکھیں اور مصافحہ کرنے سے گریز کریں۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے پسماندہ طبقے کے لوگوں کیلئے فکر مند ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی جہاں ضرورت پڑے گی بلائیں گے، پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علامات ظاہر ہونے پر وزارت صحت کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 1166 سے رجوع کریں۔