معروف بزنس مین میاں ریحان اشرف کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا
معروف بزنس مین میاں ریحان اشرف کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):معروف بزنس مین اور جی اے ایم ایس اے کمپنی سے وابستہ میاں ریحان اشرف کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ صدر فیصل آباد میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتول میاں ریحان اشرف ولد محمد اشرف P-78 گلشن آبادگلی نمبر 4 فیصل آباد کے رہائشی تھے۔ترجمان طارق جٹ کے مطابق مقتول کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا جبکہ واقعہ کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
مقدمہ میں مقتول کے اہل خانہ اور واقعہ سے متعلق دیگر اہم تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔ سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ سی پی او فیصل آباد کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا اور مقتول کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
پولیس مختلف شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر دستیاب معلومات کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں بھی سرگرم ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ میاں ریحان اشرف کے قتل میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے تک تفتیش جاری رہے گی۔







