معرکہ حق میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا کو واضح پیغام دیا کہ یہ قوم ناقابلِ تسخیر ہے، وفاقی وزیر امیر مقام

معرکہ حق میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا کو واضح پیغام دیا کہ یہ قوم ناقابلِ تسخیر ہے، وفاقی وزیر امیر مقام

شانگلہ۔ 02 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا کو واضح پیغام دیا کہ یہ قوم ناقابلِ تسخیر ہے،پاکستان ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو چکیسر، ضلع شانگلہ میں جٹکول پل کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے جٹکول پل کا افتتاح کیا۔ جٹکول پل سے گاؤں جٹکول اور ماسیر کے عوام مستفید ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان ایک مضبوط قیادت کے تحت آگے بڑھ رہا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جیسے بہادر سپہ سالار کی حکمت عملی نے ملک کو ہر محاذ پر سرخرو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا کو واضح پیغام دیا کہ یہ قوم ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ جب قیادت مخلص ہو اور قوم متحد ہو تو بڑے سے بڑا چیلنج بھی آسان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبز پاسپورٹ کی عزت بڑھ گئی ہے، پاکستان ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج جس پل کا افتتاح کیا یہ بھی اپنی جیب سے کر رہا ہوں، متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ اس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرکول یونین کونسل میں نے 100 سے زیادہ روڈز بنائے ہیں، اپنے کام گننا نہیں چاہتا لیکن میرے اختیار کے مطابق آپ کے مسئلے حل کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ 13 سال آپ کی حکومت رہی اب تک کونسا پراجیکٹ یہاں لائے ہیں، بانی پی ٹی آئی خود یہاں آئے تھے، ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا لیکن کیا لائے آج تک اس کا چیلنج دیتا ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا اپنا طریقہ کار ہے، جہاں کام یا مسئلہ نظر آئے اس کو حل کرتا ہوں اس کےلیے مجھے جلسے کی ضرورت نہیں ہے، میں جو کچھ بھی ہوں آپ کی وجہ سے ہوں اور آپ کی دعاؤں سے ہوں، میں جس کسی کا بھی کام کرتا ہوں اس کا ثواب آپ کو بھی ملتا ہے، کسی سے پارٹی کا نام نہیں پوچھا بلکہ اس کا کام کیا اور کوشش ہے کہ آئندہ بھی سب کے کام آسکوں،میری خواہش ہے کہ آپ کے تمام جائز کام کر سکوں۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جب پچھلی نگران حکومت آئی تو روڈز کی وزارت ملی اور 4 ماہ میں چکیسر کے اندر 4 ارب روپے دو سڑکوں کےلیے منظور کرائے۔ 29 ارب روپے کے منصوبے یہاں لایا ہوں، چار ماہ میں اتنا کام کیا جوپی ٹی آئی اب تک نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت میں نیب کا آرڈر آیا کہ اس کے خلاف انکوائری کی جائے، شانگلہ سے دو سو سے زائد گواہ بلائے گئے، میرے بیٹے کو بلایا گیا، مجھے جیل کاٹنی پڑی لیکن ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ پہلے الیکشن میں مجھے ایک جگہ کہا گیا کہ جو بھی یہاں بجلی لاتا ہے اس کو ووٹ دیں گے۔ لیکن ان کو سبز باغ نہیں دکھائے کہ ہاں بجلی لاؤں گا، لیکن نیت صاف ہو تو سب کچھ ہوجاتا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس علاقے کا بجلی کا کام کیا جو کہ ناممکن تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرے کام کا اندازہ اس سے لگائیں کہ میں اب ووٹ مانگنے نہیں جاتا لیکن لوگ میرے کام کو دیکھ کر ووٹ دیتے ہیں۔ اگلی بارجب ووٹ کاسٹ کرنے کا وقت آجائے تو یہ ضرور دیکھیں کہ ان کو ووٹ دیں جنہوں نے آپ کے مسائل کے حل کےلیے کوششیں کی ہوں اور آپ کے کام کیے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2010 کے سیلاب میں میں اپوزیشن میں تھا، رینٹ پر ہیلی کاپٹر لایا اور سیلاب متاثرین کی حوصلہ افزائی کی۔

ان کو علاج کےلیے اسی ہیلی کاپٹر میں ہسپتالوں میں پہنچایا، تیسری باری آئی تو میں بھی ہیلی کاپٹر میں سوار ہوا جو بیچ میں خراب بھی ہوا۔ اپنے پیسے لگا لگا کر اسی جذبے کے ساتھ میں نے کام کیا ہے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی رشاد خان، تحصیل میئر چکیسر و ضلعی جنرل سیکرٹری بخت عالم خان ، سابق ناظم یونین کونسل سرکول قاری سعد الدین، سابق نائب ناظم زبردست خان ،امیر محمد خان ویلج ناظم تالون اور ویلج ناظم گنانگر فضل منان نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا چکیسر آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔