معرکہ حق کا 1سال مکمل ہونے پر فیصل آباد میں 9مئی کو شاندار ریلی نکالی جائے گی، شیخ اعجاز احمد
معرکہ حق کا 1سال مکمل ہونے پر فیصل آباد میں 9مئی کو شاندار ریلی نکالی جائے گی، شیخ اعجاز احمد

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 04 مئی (اے پی پی):معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کیلئے 9 مئی کو عصر کی نماز کے بعد معرکہ حق کے شہیدوں اور غازیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فیصل آباد میں ایک عظیم الشان ریلی بعنوان "ہم ہیں بنیان مرصوص ،سیسہ پلائی ہوئی دیوار”نکالی جائے گی جس کا اختتام ڈی گرانڈ کے کارنر پر ہوگا،ریلی میں پی پی114 سے ہزاروں کی تعداد میں محب وطن ریلی میں شرکت کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار فیصل آباد سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ نے اپنی رہائش گاہ پر معرکہ حق کو شایان شان منانے کیلئے منعقدہ مشاورتی اجلاس کے شرکا سے خطاب میں کیا۔ شیخ اعجاز احمد نے مشکل میں ساتھ دینے والے تمام عہدیداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم افواج پاکستان اور اس کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ پاکستانی عسکری قیادت نے جس انداز میں بھارت کو جواب دیاپوری دنیا اس کی گواہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے بعد بھی گودی میڈیا تباہ شدہ رافیل طیاروں اور فوجی ہیڈکوارٹرز کو یاد کر کے رو رہا ہے۔افواج پاکستان نے جس جرات اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، اس نے خطے کی صورتحال کو بدل کر رکھ دیاہے۔انہوں نے کہا کہ ہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بھی بہترین سفارت کاری پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائیہ ہے۔معرکہ حق میں ہماری بہادر فوج نے انڈیا کو ناکوں چنے چبوائے اور جس طرح انہیں گھس کے مارا وہ پوری دنیا نے دیکھا۔انڈیا کا غرور خاک میں ملایا اور سات رافیل طیارے گرا کر پوری دنیا میں اسلام کا بول بالا کیا وہ مودی سرکار کبھی نہیں بھولے گا۔
اس موقع پر انہوں نے میاں محمد نوازشریف کو بھی زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔
اجلاس میں پی پی 114 چیئرمین وائس چیئرمینز،جنرل کونسلرز،یوتھ کونسلرز،سوشل میڈیا ونگ،وکلاء ونگ،لیبرونگ اورکارکنان نے شرکت کی اور شیخ اعجاز احمد کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہم 9 مئی کو جلوسوں کی شکل میں آپ کی قیادت میں افواج پاکستان سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے ریلی میں شرکت کریں گے۔








