معرکہ حق کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں بہت عزت ملی، طاہر محمود اشرفی

چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر وزیراعظم و قومی پیغام امن کمیٹی حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کو دنیا میں بہت عزت ملی،ہمیں دہشتگرد کہنے والے اب اسلام آباد کو امن کی جگہ کہہ رہے ہیں،تمام مساجد اور مدرسوں میں معرکہ حق کے پروگرام ہوئے۔

لاہور۔16مئی (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر وزیراعظم و قومی پیغام امن کمیٹی حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کو دنیا میں بہت عزت ملی،ہمیں دہشتگرد کہنے والے اب اسلام آباد کو امن کی جگہ کہہ رہے ہیں،تمام مساجد اور مدرسوں میں معرکہ حق کے پروگرام ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزختم نبوت،صحافی کالونی ہربنس پورہ میں صوبائی پیغام امن کمیٹی اور قومی پیغام امن کمیٹی کے ممبران کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست ہوئی،پوری قوم ملکی دفاع کے لئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شاندار فتح پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا ادریس کو نشانہ بنایا گیا ہے،دہشت گردی واقعات میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہورہی ہے،افغانستان سے پاکستان کیخلاف سازشوں کا سلسلہ ابھی رکا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی دہشتگردی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کہ صوبے سے روزانہ لاشیں آرہی ہیں، خیال کریں،ہمارا دشمن بزدل ہے، وہ بے گناہ اور معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں ہونے والی جارحیت پر ہمارا موقف بڑا واضح ہے،پاکستان اس وقت دنیا کے امن کے لئے ثالث کا کردار ادا کررہا اور یہ بات پوری دنیا تسلیم کررہی ہے، امریکی صدر نے بھی کہا کہ پاکستان کے کہنے پر جنگ روکی۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کا وفد کے پی اور بلوچستان بھی جائے گا،سیاست و مذہب میں پاکستان میں پہلے کبھی متشدد رویہ نہیں دیکھا جتنا آج نظر آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بدتمیزی انداز لانے والوں کے ساتھ اب خود یہ ہورہا ہے۔

 

مزید خبریں