معرکۂ حق کی عظیم کامیابی میں قوم کے سپوتوں کا کردار ایک بار پھر اجاگر

معرکۂ حق کی عظیم کامیابی میں قوم کے سپوتوں کا کردار ایک بار پھر اجاگر

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):معرکۂ حق کی عظیم کامیابی میں قوم کے سپوتوں کے کردار کو ایک بار پھر اجاگر کیا گیا، مسلح افوج نے اپنی ذمہ داری انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ نبھائی۔یونٹ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل مرزا جہانتاب خالد نے اس حوالہ سے اپنے تاثرات میں کہا کہ ہم نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ہمارے مؤثر اور بروقت رسپانس کا انتظار کرو۔انہوں نے معرکۂ حق کے دوران فتح ون میزائل سسٹم کی تیاری، تعیناتی اور بروقت استعمال کے تمام مراحل کی نگرانی کی، جس میں اعلیٰ سطح کی منصوبہ بندی، درست ہدف بندی اور آپریشنل ہم آہنگی شامل تھی۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی کے ایک سال بعد بھی افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ برتری اور آپریشنل تیاری برقرار ہے، جو جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی کا مظہر ہے،فتح ون میزائل کے مؤثر، درست اور بروقت استعمال نے دشمن کے اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے ۔

لیفٹیننٹ کرنل مرزا جہانتاب خالد نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان نہ صرف دفاعی طور پر مستحکم ہے بلکہ جدید جنگی تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔ ہم ہیں بنیان مرصوص۔