معصوم جانوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ معافی جرم ،دہشتگردوں کو قوت بازو سے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ۔ 11 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ معافی جرم ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے …

کوئٹہ۔ 11 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ معافی جرم ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں اور ان کا کوئی مذہب یا مذہبی جواز نہیں، دشمن ملک کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں مگر ہم قومی یکجہتی اور عزمِ اتحاد سے اس کا جواب دیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی قوم بہادر، غیور اور متحد ہے اور دشمن کے عزائم خاک میں مل جائیں گے، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردوں کو قانون اور قوتِ بازو کے ساتھ انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں۔