صنعتکاروں اور تاجروں کا ملکی ترقی میں کردار قابلِ تحسین ہے، خواجہ عمران نذیر
ملکی ترقی ومعاشی استحکام میں صنعتکاروں کا کردار قابلِ تحسین ہے،خواجہ عمران نذیر

مزید خبریں
لاہور۔14جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور معاشی استحکام میں صنعتکاروں اور تاجروں کا کردار قابلِ تحسین ہے جبکہ صحت کے شعبے میں نجی شعبے کا تعاون خوش آئند ہے۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے پاکستان کاسمیٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی سی ایم اے) کے چیئرمین شیخ عابد محمود کی جانب سے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ عید ملن پارٹی میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں صنعتکاروں، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پاکستان کاسمیٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ممبران کے علاوہ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر فہیم الرحمن سہگل سمیت دیگر کاروباری رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں نجی شعبے کا تعاون خوش آئند اور حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔تقریب کے دوران صنعت، تجارت، معیشت اور حالیہ بجٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ عید ملن جیسی تقریبات مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتی اور قومی یکجہتی، بھائی چارے و باہمی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔








