وزیراعلی سندھ نے سکھر بیراج اپگریڈیشن منصوبہ کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر بیراج بحالی و اپگریڈیشن منصوبے کا افتتاح کردیا

سکھر۔ 14 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر بیراج کی بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبہ کا افتتاح کر دیا ۔ رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ ، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ ، جام خان شورو، اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ اور دیگر شخصیات تقریب میں موجود تھیں ۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سکھر بیراج سندھ کے زرعی مستقبل کی ضمانت اور پاکستان کی غذائی سلامتی سے وابستہ ہے ، انڈس اریگیشن نیٹ ورک ملکی معیشت، غذائی تحفظ اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ کا تاریخی آبی منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، سکھر بیراج کی جدید کاری سندھ کے آبی تحفظ اور زرعی مستقبل کے لیے سنگِ میل ہے ، 23 ارب 43 کروڑ روپے سے زائد لاگت کا منصوبہ لاکھوں آبادگار خاندانوں کے مستقبل کو محفوظ بنائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ اپ گریڈ شدہ سکھر بیراج سیلابی خطرات سے نمٹنے اور آبپاشی نظام کو مزید مضبوط بنائے گا، تقریباً ایک صدی بعد پہلی بار سکھر بیراج کے فرش اور اہم انفراسٹرکچر کی جامع بحالی مکمل کی گئی، سکھر بیراج کے 44 گیٹس جدید ترین نظام کے تحت تبدیل کیے گئے ہیں، سکھر بیراج سے اب پانی کی ترسیل اور نگرانی کا نظام مزید مؤثر ہوگیا ہے،جہاں 32 گیٹس تبدیل کرنے کا ہدف تھا وہاں 44 گیٹس تبدیل کیے گئے، یہ سندھ حکومت کی سنجیدگی کا ثبوت ہے۔ مراد علی شاہ نے کہاکہ6 لاکھ سے زائد آبادگار خاندانوں کا روزگار اور پاکستان کی غذائی سلامتی سکھر بیراج سے وابستہ ہے، جدید سکھر بیراج آنے والی کئی دہائیوں تک سندھ کے زرعی شعبے کی خدمت کرتا رہے گا، سکھر بیراج کی بحالی سے سیلابی پانی کے گزرنے کی صلاحیت، آپریشنل کارکردگی اور آبپاشی کا نظام مزید بہتر ہوگا، سندھ حکومت آبی ڈھانچوں کے تحفظ اور جدید کاری کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آبپاشی کو جون 2027ء تک منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔