ملکی معیشت کی بحالی اتحادی حکومت کی اولین ترجیح ، امپورٹ میں کمی اور ایکسپورٹ میں اضافہ کیا جارہاہے، وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بحالی اتحادی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، امپورٹ میں کمی اور ایکسپورٹ میں اضافہ کیا جارہاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دو تین دن سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہو رہاہے لیکن یہ معاشی نہیں بلکہ سیاسی وجوہات سے ہوا ہے ، آنے والے دنوں میں سیاسی صورتحال بہتر ہونے کے ساتھ روپے کی قدر میں استحکام آئے گا،معیشت اس وقت بہتر سمت میں چل رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں صورتحال بہتری کی طرف جائے گی ، ملک میں سیاسی استحکام کے ساتھ ہی سب کچھ نارمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ امپورٹ کے حوالے سے حکومت اور سٹیٹ بینک نے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس کے مثبت اثرات آنے والے دنوں میں شروع ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ درآمدات میں کمی کی پالیسی کے نتیجے میں رواں ماہ امپورٹ بل میں 2.5ارب ڈالر زرمبادلہ کی بچت ہوئی ہے اور امپورٹ بل جون میں 7.4ارب ڈالر کے مقابلے میں جولائی کے مہینے میں 5ارب ڈالر ہو گا ۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو چکا ہے ، بورڈ اپروول کے ساتھ ساتھ ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک سے بھی فنانسنگ ملنے والی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عام طور پر ڈیزل کا 7سے 8دن کا سٹاک موجود ہوتا ہے لیکن اللہ کے فضل سے اس وقت ملک میں 60دن کا ڈیزل اور رواں سیزن کے لئے فرنس آئل موجود ہونے سے آنے والے دنوں میں فیول امپورٹ بل میں کمی متوقع ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے حکومتی اقدامات سود مند ثابت ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکو آئندہ ماہ روپے کی قدر بھی مستحکم ہونا شروع ہو جائے گی ۔ انہو نے کہاکہ سٹیٹ بینک کا گورنر بھی آئندہ ماہ لگا دیا جائے گا ۔