ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ (بدھ کو) ہو گی دس کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے نمائندوں کا انتخاب کریں گے اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کیلئے پولنگ بدھ کو ہو گی، 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز آئندہ پانچ سال کیلئے قومی اسمبلی کے 270 اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے …
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ (بدھ کو) ہو گی

مزید خبریں
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ (بدھ کو) ہو گی
دس کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے نمائندوں کا انتخاب کریں گے
اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کیلئے پولنگ بدھ کو ہو گی، 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز آئندہ پانچ سال کیلئے قومی اسمبلی کے 270 اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ کل 3 ہزار 675 امیدوار قومی اسمبلی جبکہ 8 ہزار 895 امیدوار صوبائی اسمبلیوں کے انتخاب میں میدان میں ہیں۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔ پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر پاک فوج کے دو، دو جوان تعینات ہوں گے۔ قومی اسمبلی کے 2 حلقوں میں انتخاب ملتوی کیا گیا ہے، کل 85 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں، ان میں اسلام آباد اور پنجاب سے 5487، سندھ 5878، فاٹا، خیبرپختونخوا 3874 جبکہ بلوچستان میں 1768 پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔ ملک بھر میں خواتین ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار 146، مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 263 ہے۔ پنجاب میں ووٹرز کی کل تعداد 6 کروڑ 6 لاکھ 72 ہزار 870، سندھ 2 کروڑ 23 لاکھ 91 ہزار 244، خیبرپختونخوا ایک کروڑ 53 لاکھ 16 ہزار 299، بلوچستان 42 لاکھ 99 ہزار 494، فاٹا 25 لاکھ 10 ہزار 154 جبکہ اسلام آباد 7 لاکھ 65 ہزار 348 ہے۔ ساڑھے تین لاکھ فوجی جوانوں کے علاوہ ساڑھے چار لاکھ کے قریب سول آرمڈ فورسز کے اہلکار انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے خدمات سرانجام دیں گے۔ کل سات لاکھ کے قریب پولنگ عملہ اپنے فرائض سرانجام دے گا۔ الیکشن کمیشن نے تمام عملے اور سیکورٹی اداروں کے تعینات اہلکاروں سے غیر جانبدار رہ کر اپنے فرائض سرانجام دینے کا حلف لے رکھا ہے۔ سیاسی جماعتوں، امیدواروں، سیکورٹی اہلکاروں، میڈیا، غیر ملکی اور ملکی مبصرین کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔








