وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے مفاد میں چارٹر آف اکانومی پر اتفاق کرنا ہوگا
ملک و قوم کے مفاد میں چارٹر آف اکانومی پر اتفاق کرنا ہوگا، قیصر احمد شیخ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 27 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے مفاد میں چارٹر آف اکانومی پر اتفاق کرنا ہوگا۔یہ بات وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے سرینا ہوٹل میں رچمنڈ انسٹیٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت ایسے بنیادی شعبے ہیں جنہیں قومی ترجیحات میں سرفہرست رکھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں تعلیمی نظام کی بہتری اور ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بھی نوجوان نسل کو علم کے ساتھ عملی مہارت اور بہتر سماجی رویوں کی تربیت دینا ہوگی۔ وفاقی وزیر نے رچمنڈ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے تعلیم کے ساتھ تربیت اور اسکلز پر توجہ دینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے ملکی نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔تقریب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر رچمنڈ انسٹیٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن پروفیسر آصف اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت بھی ضروری ہے، ادارے میں ڈپلومہ، شارٹ کورسز، ووکیشنل ٹریننگ اور ڈگری پروگرامز کے ذریعے طلبہ کو مختلف عملی مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ تدریس اور لرننگ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ جعلی ڈگریوں، جعلی اداروں اور غیر قانونی الحاق کے خلاف مؤثر کارروائی ضروری ہے، تعلیم کے شعبے میں کسی قسم کے دھوکے اور فراڈ کی گنجائش نہیں، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہیں معیاری تعلیم، تربیت اور ہنر فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ فاؤنڈر و چیف ایگزیکٹو نیٹ سول ٹیکنالوجیز لمیٹڈ سلیم غوری نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا دور ہے اور یہ ایک بڑی عالمی صنعت بن چکی ہے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے متعلق مہارتیں فراہم کرنے کے ساتھ ان میں مایوسی اور فرسٹریشن ختم کرنے پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ تقریب میں سابق صدر ایف سی سی آئی ریحان نسیم بھرا، ڈاکٹر فرح دیبا، ڈاکٹر شہزاد اور دیگر اکابرین اور طلباو طالبات کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ اختتام پر مہمان خصوصی نے نمایاں شخصیات کو سووینئرز پیش کیے جبکہ رچمنڈ انسٹیٹیوٹ، این ٹی یو، کمالیہ یونیورسٹی اور ویمن یونیورسٹی کے طلبہ نے مشترکہ فیشن شو واک میں حصہ لیا، جس میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 25 ہزار، 20 ہزار اور 15 ہزار روپے کے انعامات دیے گئے۔








