ملک کی مختلف سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرزپر مشتمل وفد کا دورہ نسٹ

سرکاری جامعات کی قیادت سازی کے لیے نائی ایچ ای سی کے زیر اہتمام وفد کا نسٹ کا دورہ

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):ملک کی مختلف سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرز، سینئر ڈینز اور انتظامی سربراہان پر مشتمل وفد نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (نائی)، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ایم سی) کے زیراہتمام قیادت سازی کے پروگرام کے سلسلے میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا دورہ کیا۔

آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور راولپنڈی ریجن سے تعلق رکھنے والے جامعات کے سربراہان کے وفد کو نسٹ کے پرو ریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر عثمان حسن اور چیف آف فنانس اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ رائو صابر علی خان نے خوش آمدید کہا۔ وفد کو نسٹ کے تعلیمی نظام، تحقیقی و اختراعی سرگرمیوں اور ادارے کے اہم اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔وفد نے نسٹ کے نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی) اور سکول آف انٹر ڈسپلنری انجینئرنگ اینڈ سائنسز سمیت مختلف سہولیات کا دورہ بھی کیا جہاں شرکا کو تعلیم، تحقیق اور اختراع کو مربوط کرنے والے نسٹ کے نظام سے آگاہ کیا گیا۔ دورے کا اختتام ریکٹر نسٹ ڈاکٹر محمد زاہد لطیف کے ساتھ ایک خصوصی نشست پر ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے قومی مسائل کے حل میں جامعات کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری معیاری تعلیم کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ انہیں علم اور اختراع کے ذریعے معاشرے میں بامعنی کردار ادا کرنا اور طلبہ میں قومی و سماجی ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا بھی ہے۔ڈاکٹر زاہد لطیف نے نسٹ کے ادارہ جاتی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ نے مضبوط پالیسی فریم ورک، مشاورت پر مبنی فیصلہ سازی اور سٹریٹجک منصوبہ بندی کے ذریعے گورننس کو مزید موثر بنانے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔نشست کے دوران ریکٹر نسٹ اور وفد میں شریک جامعات کے سربراہان کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ شرکا نے اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں، تدریس و تعلیم کے نئے اقدامات، بین الشعبہ جاتی تحقیق اور جامعات کے درمیان ادارہ جاتی شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے ملک بھر کی جامعات کے ساتھ تعاون کے لیے نسٹ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ایچ ای سی کے تعاون سے مشترکہ اقدامات کے ذریعے رابطے جاری رکھنے کا خیرمقدم کیا۔یہ دورہ نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام ’’سٹریٹجک پلاننگ اینڈ لیڈرشپ ایکسی لینس‘‘ کے عنوان سے جاری قیادت سازی کے پروگرام کا حصہ تھا۔