ملک کے مختلف حصوں میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس فعال ہو گئی ہے، مقامی سطح پر مختلف اداروں کو معاونت فراہم کرے گی، عثمان ڈار کی پریس کانفرنس

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ٹائیگر فورس کی خدمات لینے سے انکار کیا ہے، سیالکوٹ میں ٹائیگر فورس کی قیادت کےلئے خواجہ آصف کو ضلعی انتظامیہ نے خط لکھا ہے، یہ غیر سیاسی اور رضاکار فورس ہے اس پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، ملک کے مختلف حصوں میں کورونا ریلیف ٹائیگر …

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ٹائیگر فورس کی خدمات لینے سے انکار کیا ہے، سیالکوٹ میں ٹائیگر فورس کی قیادت کےلئے خواجہ آصف کو ضلعی انتظامیہ نے خط لکھا ہے، یہ غیر سیاسی اور رضاکار فورس ہے اس پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، ملک کے مختلف حصوں میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس فعال ہو گئی ہے، ٹائیگر فورس مقامی سطح پر مختلف اداروں کو معاونت فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ٹائیگر فورس سے خطاب کے بعد ملک بھر میں کورونا ٹائیگر فورس فعال ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن پھر بھی سندھ حکومت نے ٹائیگر فورس کی خدمات سے استفادہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ سندھ سے ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعدادایک لاکھ 54 ہزار ہے، وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر نوجوان ٹائیگر فورس کا حصہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 10 لاکھ ہے۔ رجسٹرڈ نوجوانوں میں انجینئرز، اساتذہ، وکلاءاور مسلح افواج کے ریٹائرڈ ارکان سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضاکار کو الیکٹرانک چپ کے ذریعے خصوصی شناختی نمبر دیا جائے گا۔ ٹائیگر فورس صوبائی، ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل سطح تک کام کرے گی، ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندے ٹائیگرز فورس کمیٹی میں شامل ہوں گے، اپوزیشن اس معاملہ پر سیاست کر رہی ہے، یہ رضاکار فورس ہے اس کے پاس کوئی اختیارات نہیں۔ اپوزیشن کو اس فورس کے ٹی او آرز کو سمجھنے کی ضرورت ہے، فورس کو انتظامیہ کی مکمل سرپرستی اور تعاون حاصل ہو گا۔