منشیات رکھنے کے جرم میں گرفتار خاتون کی بعد از گرفتاری ضمانت پر یو ایس بی فوٹیج کی فرانزک رپورٹ پیش کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے منشیات رکھنے کے جرم میں گرفتار خاتون کی بعد از گرفتاری ضمانت پر یو ایس بی میں فراہم کی گئی فوٹیج کی فرانزک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور۔13اپریل (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے منشیات رکھنے کے جرم میں گرفتار خاتون کی بعد از گرفتاری ضمانت پر یو ایس بی میں فراہم کی گئی فوٹیج کی فرانزک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ نے پیر کو کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار خاتون ملزمہ کی جانب سے فیصل نجیب ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے اور عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار تین ماہ سے جیل میں ہے، سی سی ڈی نے دو کلو منشیات کے مقدمہ میں نامزد کیا ہے ،ملزمہ کو سی سی ڈی پولیس گھر سے اٹھا کر لے گئی تھی ،جوڈیشل مجسٹریٹ کو واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کی تھی،جوڈیشل مجسٹریٹ نے فوٹیج کے فرانزک کروانے کا حکم دیا تھا،جس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ در خواست گزار گھریلو خاتون اور دو بیٹیوں کی ماں ہے لہذا عدالت جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم کے مطابق یو ایس بی فوٹیج کا فرانزک کروائیں ۔عدالت نے یو ایس بی میں فراہم کی گئی فوٹیج کی فرانزک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔