موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کے جلسوں سے عوام کی صحت کو سنگین خطرہ ہے، حکومت کو فوری طور پر ملک بھر میں دفعہ 144نافذ کر دینی چاہیے، چیئرمین وزیراعظم کورونا ٹاسک فورس ڈاکٹر عطاءالرحمان

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کورونا ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کے جلسوں سے عوام کی صحت کو سنگین خطرہ ہے، اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنا بند کریں، حکومت کو عوامی اجتماعات روکنے کیلئے فوری طور پر ملک بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دینی چاہیے۔ اتوار کو نجی ٹی …

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کورونا ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کے جلسوں سے عوام کی صحت کو سنگین خطرہ ہے، اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنا بند کریں، حکومت کو عوامی اجتماعات روکنے کیلئے فوری طور پر ملک بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دینی چاہیے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا ویکسین خریدنے کیلئے فنڈز مختص کر دیا ہے تاہم پاکستان میں ویکسین آنے میں چار سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں اسلئے اس وقت حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہی وبا سے بچائو کا واحد راستہ ہے، عوام کو چاہیے کہ ماسک پہنیں، سماجی فاصلے کا خیال رکھیں اور کثرت کے ساتھ ہاتھ دھوئیں۔ ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا کہ عوام کی طرف سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنا انتہائی خطرناک ہے، اگر وبا پھیل گئی تو اسے قابو کرنا مشکل ہو جائے گا، امریکہ اور بھارت کی مثال سب کے سامنے ہے جہاں پر کورونا نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور ان کی معیشتیں بیٹھ گئی ہیں، اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ بحیثیت قوم حکومت کے ساتھ مل کر وبا کا مقابلہ کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت مکمل لاک ڈاﺅن کی طرف نہیں جائے گی کیونکہ اس سے دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گا، اسمارٹ لاک ڈاﺅن حکمت عملی پہلے بھی کامیاب رہی اور اب بھی اسی کے تحت آگے بڑھنا ہو گا، حکومت کو ملک بھر میں اسی پالیسی پر عمل درآمد کرانا چاہیے۔