موٹاپا پاکستان میں صحتِ عامہ کا ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے،اس سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، وزیر مملکت ڈاکٹر ملک مختار احمد

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مملکت برائے صحت ڈ اکٹر ملک مختار احمد نے کہا ہے کہ موٹاپا پاکستان میں صحتِ عامہ کا ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے،جس سے نمٹنے کیلئے جامع قومی حکمتِ عملی درکار ہے جس میں روک تھام، ابتدائی مداخلت اور علاج تک بہتر رسائی شامل ہو۔وہ گزشتہ روز نووونورڈسک کے تعاون سے موٹاپے کے عالمی دن کے موقع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب …

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مملکت برائے صحت ڈ اکٹر ملک مختار احمد نے کہا ہے کہ موٹاپا پاکستان میں صحتِ عامہ کا ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے،جس سے نمٹنے کیلئے جامع قومی حکمتِ عملی درکار ہے جس میں روک تھام، ابتدائی مداخلت اور علاج تک بہتر رسائی شامل ہو۔وہ گزشتہ روز نووونورڈسک کے تعاون سے موٹاپے کے عالمی دن کے موقع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تقریب میں پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر مورٹن سن ،سیکرٹری وزارت صحت حامد یعقوب شیخ،ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر عبدالولی خان اور ہیڈ آف پبلک افیئرز نووو نورڈسک حسنین احمد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آگاہی کو فروغ دینے، مکالمے کو مضبوط بنانے اور موٹاپے کی روک تھام اور علاج کے لیے سائنسی بنیادوں پر مبنی حکمتِ عملی اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وفاقی وزیر مملکت برائے صحت ڈ اکٹر ملک مختار احمدکا مزید کہنا تھا کہ موٹاپا غیر متعدی امراض کے بوجھ میں نمایاں اضافہ کر رہا ہے،ہم آگاہی کو فروغ دینے اور ملک بھر میں صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے تمام شراکت داروں کے ساتھ مسلسل تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

پاکستان میں زیادہ وزن اور موٹاپے کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے، جو بالغ افراد کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی متاثر کر رہی ہے اور صحت کے نظام پر اضافی دباؤ ڈال رہی ہے۔اس پس منظر میں عالمی یومِ موٹاپا نے وزارتِ قومی صحت خدمات، ضوابط و رابطہ کاری اور نوو نورڈسک کے درمیان بامعنی مکالمے کا اہم موقع فراہم کیا، جس میں سائنسی اور طویل المدتی حل پر نئی توجہ مرکوز کی گئی۔پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ حوصلہ افزا امر ہے کہ پاکستان میں طویل المدتی اور شواہد پر مبنی حل کے حوالے سے تعمیری مکالمہ جاری ہے۔ علم کے تبادلے اور جدت کو فروغ دینے والی شراکت داریاں پائیدار صحت کے نتائج کے حصول میں نہایت اہم ہیں۔ اس موقع پر نوو نورڈسک کے ہیڈ آف پبلک افیئرز حسنین احمد نے کہا کہ نوو نورڈسک میں موٹاپے کے رجحان کو تبدیل کرنا ہماری عالمی ترجیح ہے۔

موٹاپے پر 30 سالہ تحقیق اور دائمی امراض کے علاج میں ایک صدی کی قیادت کے ساتھ نوو نورڈسک پاکستان کی کوششوں کی حمایت کے لیے پرعزم ہے تاکہ آگاہی کو بہتر بنایا جا سکے، بدنامی کم کی جا سکے اور مؤثر، فرد پر مبنی علاج تک رسائی کو وسعت دی جا سکے۔