موٹروے پولیس کی بڑی کارروائی، ایک کروڑ مالیت کا سمگل شدہ کپڑا برآمد، آئی جی سلطان احمد چوہدری کی جانب سے افسران کو انعامات

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹروے (ایم ٹو) پر سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا غیر قانونی سامان برآمد کر لیا۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) سلطان احمد چوہدری نے اس کامیاب آپریشن پر متعلقہ افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے سینٹرل پولیس آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ موٹروے پولیس کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر فوری …

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹروے (ایم ٹو) پر سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا غیر قانونی سامان برآمد کر لیا۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) سلطان احمد چوہدری نے اس کامیاب آپریشن پر متعلقہ افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے سینٹرل پولیس آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔

موٹروے پولیس کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے افسران نے سیال موڑ کے قریب ایک مشکوک شہزور پک اپ کا پیچھا کیا۔ ڈی ایس پی محمد نواز، انسپکٹر ایاز خان، سب انسپکٹر اعجاز احمد اور سب انسپکٹر کامران لطیف پر مشتمل ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کو کامیابی سے روکا۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے 10 ملین (ایک کروڑ) روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ کپڑا برآمد ہوا۔

پولیس نے موقع پر ہی ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزم اور برآمد شدہ کپڑے کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ آئی جی سلطان احمد چوہدری نے افسران کی جرات اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موٹروے پولیس قومی شاہراہوں پر مسافروں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جرائم کے انسداد کے لیے بھی ہمہ وقت تیار ہے۔ غیر قانونی سرگرمیوں اور سمگلنگ کے خلاف ہمارا ’زیرو ٹالرنس‘ کا کلچر جاری رہے گا اور ہم دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملک دشمن عناصر کا راستہ روکتے رہیں گے۔

مزید خبریں