مکہ باہمی دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کی وحدت اور حرمین شریفین کے تحفظ کا ضامن ہو گا،مقررین

مکہ باہمی دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کی وحدت اور حرمین شریفین کے تحفظ کا ضامن ہو گا،پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے، پوری امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،عالمی سطح پر پاکستان امن کا علمبردار بن کر ابھرا ہے،آزادی اللہ تعالی کی نعمت عظمی ہے،وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے،پاکستان لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد معرضِ وجود میں آیا،عالمی سطح پر پاکستان امن …

لاہور۔12اگست (اے پی پی):مکہ باہمی دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کی وحدت اور حرمین شریفین کے تحفظ کا ضامن ہو گا،پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے، پوری امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،عالمی سطح پر پاکستان امن کا علمبردار بن کر ابھرا ہے،آزادی اللہ تعالی کی نعمت عظمی ہے،وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے،پاکستان لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد معرضِ وجود میں آیا،عالمی سطح پر پاکستان امن کے لیے ملکوں کو جنگ سے بچانے کے لیے اپنا عظیم فعال اور مثالی کردار ادا کر رہا ہے،سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان،وزیر اعظم محمد شہباز شریف،فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر،رجب طیب اردگان کا امت مسلمہ کی وحدت کے لیے مکہ باہمی دفاعی معاہدہ پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پاکستان میں فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کی سازشوں اور ملک دشمن طاقتوں کے ایجنڈے کو نہیں چلنے دیں گے،پاکستان کی سلامتی تحفظ و دفاع کیلئے پوری قوم افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے تمام اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی،قومی یکجہتی اور پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے مقامی ہوٹل لاہور میں منعقدہ یوم آزادی و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مجلس علما پاکستان کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل لاہور میں یوم آزادی و استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،جس کا موضوع جشنِ آزادی اتحاد امت مکہ دفاعی معاہدہ،استحکام پاکستان اور پیغام پاکستان کا فروغ تھا،کانفرنس میں مکہ دفاعی معاہدہ اور اپنی بہادر مسلح افواج کی قربانیوں اور شہداِ پاکستان کو سلام و خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، کانفرنس کی میزبانی و قیادت چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان،خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور،چئیرمین مجلس علما پاکستان سفیرِ امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی،

جبکہ کانفرنس کے مہمانانِ خصوصی جن میں صوبائی وزیرِ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور مہمانانِ گرامی میں سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر مذہبی امور و اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ تھے،کانفرنس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما،کرام و مشائخ عظام اور دیگر مذاہبِ عالم کے رہنما،علامہ زبیر احمد ظہیر،علامہ مختیار احمد ندیم،میاں بلال طارق، پیر سید سعادت علی شاہ،سردار رنجیت سنگھ گیانی،سہیل وڑرائچ ،علامہ محمد رشید ترابی، قاضی عبدالغفار قادری،ڈاکٹر سرفراز اعوان، مولانا احسان اللہ تنسم،مفتی فتح محمد راشدی،علامہ میر آصف اکبر قادری،پادری زمان سلطان،پنڈت بھگت لعل کھوکھر،پیر ولی اللہ شاہ بخاری،مفتی عاشق حسین شاہ، حافظ اسد عبید،صاحبزادہ سید عبد القدیر آزاد، صاحبزادہ سید عبد البصیر آزاد،حافظ سید عبدالرزاق آزاد،مولانا عبید اللہ قادری،حمید الحسن گجر،حافظ عمر بن عبدالعزیز،پاسٹر امجد نعمت،مفتی محمد کریم خان،علامہ توقیر عباس،حاجی غلام حسین محمدی،قاری محمد احمد بلوچ،پروفیسر ظفر اللہ جان و دیگر حضرات بڑی کثیر تعداد میں شریک تھے۔

سفیرِ امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان اللہ تعالی کے حکم سے اسلام اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا،جو لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد معرضِ وجود میں آیا،پاکستان کی سلامتی،ترقی و خوشحالی اور حفاظت کے لیے بحثیت قوم ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاکستان کو بنانے میں لاکھوں انسانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے،آج پاکستان کو بچانے کے لیے ہمیں بیدار ہونا ہوگا،ہمارا ازلی دشمن ہمسایہ ملک بھارت مودی پاکستان میں دہشت گردی، بدامنی اور فرقہ واریت کو ہوا دیکر انسانیت کے نام پر ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے۔مولانا آزاد نے کہا کہ ہم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان،رجب طیب اردگان،وزیر اعظم محمد شہباز شریف ،فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کا امت مسلمہ کی وحدت کے لیے مکہ دفاعی معاہدہ پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،حرمین شریفین کے دفاع کے لیے مکہ دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ اور حرمین شریفین کے تحفظ کا ضامن ہو گا،پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے، پوری امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، پاکستان امن کا علمبردار ہے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی و تحفظ کے لیے ہم سب ایک ہیں، بھارتی حکومت ہمیشہ اقلیتوں کو نقصان پہنچانے اور پاکستان کیخلاف سازشوں میں ملوث رہتی ہے،مودی سرکار کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے، ہم افواجِ پاکستان کے ساتھ ملکر بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے،ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا،چند گھنٹوں میں دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا اور بھارت کا جنگی جنون ختم ہو گیا،مودی قصاب کو دنیا نے رسوا ہوتے دیکھا۔ڈاکٹر احسان بھٹہ و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ آزادی کاجشن پورے ملک میں اور تمام مدارس و مساجد و دیگر عبادت گاہوں میں جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے،تمام علما کرام اور پوری قوم پاکستان کی سلامتی و تحفظ اور دفاع کے لیے افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،پاکستان میں فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کی سازشوں اور ملک دشمن طاقتوں کے ایجنڈے کو نہیں چلنے دیں گے،

پوری قوم شہدائے پاکستان اور افواجِ پاکستان کی لا زوال قربانیوں کو سلام و خراجِ تحسین پیش کرتی ہے،الحمد للہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،ہر آنے والا دن ملک کے دفاع کو مضبوط بنا رہا ہے، پاکستان کی حفاظت کرنا ہم جانتے ہیں،افواجِ پاکستان نے اپنی بہادری سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، پاک فوج ہمارا فخر ہے،اللہ تعالی ہمارے وطنِ عزیز پاکستان کی حفاظت فرمائے،آخر میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما کرام اور دیگر مذاہبِ عالم کے رہنماوں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اظہارِ یکجہتی کیا اور پاکستان زندہ باد،پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے،کانفرنس کے اختتام پر عالمِ اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، استحکامِ پاکستان، مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

 

مزید خبریں