مکہ مکرمہ: پاکستان حج مشن کے نمازِ جمعہ کیلئے ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات، عازمین کو بڑی سہولت فراہم

پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ نے مسجد الحرام میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے عازمینِ حج کی سہولت کی خاطر ٹرانسپورٹ کے خصوصی اور غیر معمولی انتظامات کیے۔ ان انتظامات کی نگرانی چیف کوآرڈینیٹر حج آپریشن مرزا علی محسود اور کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان نے خود کی تاکہ آپریشن کی شفافیت اور روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مکہ مکرمہ ۔8مئی (اے پی پی):پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ نے مسجد الحرام میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے عازمینِ حج کی سہولت کی خاطر ٹرانسپورٹ کے خصوصی اور غیر معمولی انتظامات کیے۔ ان انتظامات کی نگرانی چیف کوآرڈینیٹر حج آپریشن مرزا علی محسود اور کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان نے خود کی تاکہ آپریشن کی شفافیت اور روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

نمازِ جمعہ سے قبل عازمین کو نظم و ضبط برقرار رکھنے، مقررہ اوقات کی پابندی اور قطار بندی کی اہمیت کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں تاکہ رش کے باوجود کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو۔ترجمان مذہبی امور کے مطابق سعودی حکام کے عمومی فارمولے کے تحت تمام ممالک کو ہر 250 عازمینِ حج کے لیے ایک بس چلانے کی اجازت ہے تاہم پاکستان حج مشن نے حجاج کی سہولت کے پیشِ نظر خصوصی درخواست کی جس پر 150 افراد کے لیے ایک بس کا فارمولا منظور کر لیا گیا۔

اس اضافی انتظام کا بنیادی مقصد پاکستانی حجاج کو سفری دشواریوں سے بچانا اور انہیں زیادہ سے زیادہ آرام فراہم کرنا ہے، جس کی بدولت نمازِ جمعہ کے بعد ہزاروں حجاج کی اپنی رہائش گاہوں پر واپسی کا عمل انتہائی منظم اور تیز رفتار رہا۔ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ پاکستانی عازمینِ حج دوسرے ملکوں کے برعکس تمام پانچ وقت کی نمازیں مسجد الحرام میں ادا کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

اسی مذہبی لگاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے حرم شٹل سروس عازمین کی بڑی تعداد کے لحاظ سے بہتر انداز میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری حج سکیم کا اصل مقصد اکانومی حج پیکیج کے اندر رہتے ہوئے پاکستانی حجاج کو بہترین اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ مناسکِ حج کی ادائیگی پر مرکوز رکھ سکیں۔