مہنگائی کے رجحانات پر بنائی گئی سٹیئرنگ کمیٹی کااجلاس، وزیرخزانہ کی گندم، چاول اور چینی جیسی ضروری اشیاء کے دستیاب ذخائر کا فوری طور پر جائزہ لینے کی ہدایت

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے معاشی طورپرکمزورطبقات اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور پاکستان بیورو آف سٹیٹکس (پی بی ایس) کو صوبوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے گندم، چاول اور چینی جیسی ضروری اشیاء کے دستیاب ذخائر کا فوری طور پر جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے، …

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے معاشی طورپرکمزورطبقات اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور پاکستان بیورو آف سٹیٹکس (پی بی ایس) کو صوبوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے گندم، چاول اور چینی جیسی ضروری اشیاء کے دستیاب ذخائر کا فوری طور پر جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے یقین دلایاہے کہ وزارت اس حوالہ سے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں ملک میں مہنگائی کے رجحانات پر بنائی گئی سٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔یہ کمیٹی وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر گزشتہ ہفتے تشکیل دی گئی تھی۔ اجلاس میں مہنگائی کے رجحانات کی بنیادی وجوہات جن میں اندرونی اور بیرونی عوامل شامل تھے، پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ اراکین نے بالخصوص کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا اور خاص طور پر حالیہ سیلاب کے پس منظر میں اس کے کمزور اور غریب طبقے پر اثرات پر گفتگو کی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی جبکہ بڑی فصلوں کی صورتحال پر بھی قریبی نظر رکھی جائے گی تاکہ سیلاب کے اثرات کا موثر جائزہ لیا جا سکے۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انتظامی اقدامات کی سفارشات صوبائی حکومتوں اور وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی میں مرتب کی جائیں گی۔

بحث کے دوران ان اشیاء پر خصوصی توجہ دی گئی جو غریب اور سیلاب سے متاثرہ عوام براہ راست استعمال کرتے ہیں۔وزیرخزانہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور پاکستان بیورو آف سٹیٹکس کو ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے گندم، چاول اور چینی جیسی ضروری اشیاء کے دستیاب ذخائر کا فوری طور پر جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ وزارت خزانہ مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ غریب گھرانوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔شرکا کو ہدایت دی گئی کہ وہ عملی تجاویز پیش کریں تاکہ سپلائی چینز کو ہموار رکھا جا سکے، ذخائر کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے اور مہنگائی کے رجحانات پر موثر قابو پایا جا سکے۔اجلاس میں سٹیئرنگ کمیٹی کے اراکین سمیت وفاقی سیکریٹریز اور مختلف ڈویژنز کے سینئر حکام نے شرکت کی جن میں وزارت خزانہ، پاور ڈویژن، پٹرولیم ڈویژن، وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، سٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان بیورو آف سٹیٹکس اور سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ کے نمائندے شامل تھے۔چیئرمین نے بروقت اقدامات کے لیے اگلا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کی