میرپور، وزیراعظم عمران خان کو آزاد کشمیر میں زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی

میرپور ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کو میرپور آزاد جموں کشمیر میں زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پیر کو میرپور آمد کے بعد آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری نے وزیراعظم کو زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر …

میرپور ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کو میرپور آزاد جموں کشمیر میں زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پیر کو میرپور آمد کے بعد آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری نے وزیراعظم کو زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمد چوہدری، تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ نیازی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 24 ستمبر کو آنے والے ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 5.8 تھی اور اس سے آزاد جموں و کشمیر میں میرپور اور بھمبر کے اضلاع میں جاتلاں، یونین کونسل نادرا کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔26 ستمبر کو 4.4 شدت کا ایک اور زلزلہ بھی آیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ زلزلہ سے تقریباً ایک لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ نقصانات کا سروے جاری ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق 38 افراد جاں بحق اور 844 زخمی ہوئے جن میں سے107 شدید زخمی ہیں۔ 500 پکے مکانات کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے جبکہ 6500 پکے مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ 1200 کچے مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں اور 500 کچے مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔ اس کے علاوہ 44 جانوروں اور 50 گاڑیوں کا بھی نقصان ہوا ہے، معاوضہ کا ابتدائی تخمینہ 63 کروڑ 10 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سڑکوں کا شدید نقصان ایک ارب 44 کروڑ 30 لاکھ روپے، بجلی کی تنصیبات کو 4 کروڑ روپے، زراعت اور لائیو اسٹاک کو 5 کروڑ 30 لاکھ روپے، صحت کے شعبہ کو 7 کروڑ روپے، تعلیم کے شعبہ کو 10 کروڑ 30 لاکھ روپے، لوکل گورنمنٹ کو 5 کروڑ 70 لاکھ روپے، فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ کے شعبہ کو 75 کروڑ روپے، جیلوں کو 20 کروڑ روپے اور مجموعی نقصان کا اندازہ 2 ارب 71 کروڑ 60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ اپر جہلم کینال کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ پنجاب کی حکومت لگائے گی۔