میٹا کا آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر صارفین کو 4 دسمبر سے فیس بک اور انسٹاگرام سے ریموو کرنے کا اعلان

سڈنی۔20نومبر (اے پی پی):ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر تمام صارفین کو 4 دسمبر سے فیس بک اور انسٹاگرام سے ہٹا دیا جائے گا۔ اے ایف پی کے مطابق آسٹریلوی حکومت کم عمر افراد کے سوشل میڈیا استعمال پر نئی سخت پابندیاں نافذ کرنے جا رہی ہے۔ آسٹریلیا میں 10 دسمبر سے ایک نیا قانون نافذ ہوگا جس کے تحت فیس …

سڈنی۔20نومبر (اے پی پی):ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر تمام صارفین کو 4 دسمبر سے فیس بک اور انسٹاگرام سے ہٹا دیا جائے گا۔ اے ایف پی کے مطابق آسٹریلوی حکومت کم عمر افراد کے سوشل میڈیا استعمال پر نئی سخت پابندیاں نافذ کرنے جا رہی ہے۔

آسٹریلیا میں 10 دسمبر سے ایک نیا قانون نافذ ہوگا جس کے تحت فیس بک ، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سمیت تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کیلئے لازمی ہوگا کہ وہ 16 سال سے کم عمر صارفین کو اپنے پلیٹ فارمز سے ہٹا دیں، خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔میٹا کے مطابق کمپنی پابندی کے مؤثر ہونے سے پہلے ہی کم عمر صارفین کو پلیٹ فارم سے ہٹانا شروع کرے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹا آج سے ان آسٹریلوی صارفین کو اطلاع دے رہا ہے جن کی عمر 13 سے 15 سال ہونے کا اندازہ ہے کہ وہ جلد ہی انسٹاگرام، تھریڈز اور فیس بک تک رسائی کھو دیں گے۔میٹا کے مطابق4 دسمبر سے نئے انڈر 16 اکاؤنٹس بلاک کیے جائیں گے،موجودہ انڈر 16 صارفین کی رسائی بھی مرحلہ وار ختم کی جائے گی اور 10 دسمبر تک تمام معلوم کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس بند کر دیے جائیں گے۔کمپنی نے کہا کہ صارفین 16 سال کی عمر مکمل ہونے پر اپنے اکاؤنٹس وہیں سے دوبارہ استعمال کر سکیں گے جہاں انہیں چھوڑا تھا۔

سوشل میڈیا کمپنیوں نے آسٹریلیا کے ان قوانین کو پہلے بھی "غیر واضح، مسئلہ زدہ اور عجلت میں بنائے گئے” قرار دیا تھا۔میٹا نے جمعرات کو ایک بار پھر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم حکومت کے محفوظ اور عمر کے مطابق آن لائن تجربات فراہم کرنے کے ہدف سے متفق ہیں لیکن نوجوانوں کو ان کے دوستوں اور آن لائن کمیونٹیز سے منقطع کر دینا مسئلے کا حل نہیں۔