میکسیکو کی صدر کا ملکی معاملات میں غیر ملکی مداخلت مسترد کرنے کا اعادہ

میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے ملکی اندرونی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کی مخالفت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے حال اور مستقبل کے بارے میں فیصلے صرف میکسیکو کے عوام کا حق ہیں۔شنہوا کے مطابق انہوں نےمیکسیکو سٹی کے مرکزی چوک زوکالو میں ملک گیر احتسابی دورے کے اختتام پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی غیر ملکی طاقت یا اقتصادی …

میکسیکو سٹی۔28ستمبر (اے پی پی):میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے ملکی اندرونی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کی مخالفت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے حال اور مستقبل کے بارے میں فیصلے صرف میکسیکو کے عوام کا حق ہیں۔شنہوا کے مطابق انہوں نےمیکسیکو سٹی کے مرکزی چوک زوکالو میں ملک گیر احتسابی دورے کے اختتام پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی غیر ملکی طاقت یا اقتصادی و سیاسی اشرافیہ کو میکسیکو کے حال اور مستقبل کا تعین کرنے کا حق حاصل نہیں۔

کلاڈیا شین بام نے قومی خودمختاری کے تحفظ کو سابق صدر آندرس مینوئل لوپیز اوبراڈور کے شروع کردہ ’’فورتھ ٹرانسفارمیشن‘‘ سیاسی منصوبے سے جوڑا، جس کا مقصد سماجی بہبود، مساوات اور قومی خودمختاری پر زور دیتے ہوئے ملک کے ترقیاتی ماڈل میں تبدیلی لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ میکسیکو میں جاری تبدیلی آزادی اور سماجی تبدیلی کی تاریخی جدوجہد کا تسلسل ہے، جس میں آزادی کی تحریک، انیسویں صدی کے اصلاحاتی دور اور میکسیکو کے انقلاب سمیت مختلف ادوار شامل ہیں۔

میکسیکو سٹی کی میئر کلارا بروگادا اور کابینہ کے ارکان کے ہمراہ صدر نے اپنی حکومت کے فلاحی پروگراموں، بنیادی ڈھانچے، معیشت اور سکیورٹی کے شعبوں میں اقدامات اور کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ ملک کے 32 وفاقی اکائیوں میں اپنے دورے کے دوران منعقدہ عوامی اجتماعات میں تقریباً 8 لاکھ 50 ہزار افراد نے شرکت کی۔