میکڈونلڈز پاکستان آئی ٹی ایف چیمپئن شپ،عقیل خان آئی ٹی ایف پروفیشنل میچ جیتنے والے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے

میکڈونلڈز پاکستان آئی ٹی ایف چیمپئن شپ،عقیل خان آئی ٹی ایف پروفیشنل میچ جیتنے والے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):میکڈونلڈز پاکستان آئی ٹی ایف چیمپئن شپ 2026 (آئی ٹی ایف M-15 لیگ-2) کا سلسلہ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں جاری ہے۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر22ممالک سے 86 مرد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ شریک ممالک میں پاکستان، کویت، روس، ازبکستان، سویڈن، مراکش، ملائیشیا، برطانیہ، اٹلی، لیتھوانیا، چین، ترکیہ، الجزائر، کینیڈا، آئرلینڈ، پولینڈ، ہانگ کانگ، یونان، لبنان، جرمنی، فرانس اور جاپان شامل ہیں۔ الجزائر کے سمیع حمزہ (اے ٹی پی رینکنگ 844) ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ ہیں۔ پاکستان کے عقیل خان نے حریف روسی کھلاڑی مکار کروشچیچکوف کو 6-3، 4-6، 6-0 سے شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ وہ 46 سال کی عمر میں آئی ٹی ایف پروفیشنل میچ جیتنے والے تاریخ کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے جو ان کے کیریئر کا ایک شاندار ریکارڈ ہے۔

میچ کے بعد عقیل خان نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ انہیں یہ سنگ میل حاصل ہوا اور وہ ٹینس کھیلتے ہوئے فتوحات جاری رکھنے پر خوش ہیں۔ انہوں نے پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مسلسل آئی ٹی ایف ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جس سے انہیں یہ ریکارڈ اپنے ملک میں حاصل کرنے کا موقع ملا۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف انتظامیہ نے عقیل خان کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ صدر پی ٹی ایف نے کہا کہ یہ پاکستان اور عقیل خان دونوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ 46 سال کی عمر میں ایسا کارنامہ انجام دینا آسان نہیں لیکن عقیل خان نے اپنی محنت اور کارکردگی سے یہ ثابت کیا ہے۔

اس سے قبل فروری 2026ء میں ڈیوِس کپ ٹائی بمقابلہ سینیگال کے دوران بھی عقیل خان اس صدی کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بنے تھے جنہوں نے ریجنل لیول سے اوپر سنگلز میچ جیتا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی فتوحات کے دوران پاکستان کے محمد شعیب اور مزمل مرتضیٰ نے بھی اپنے میچ جیت کر دوسرے رائونڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔سنگلز رائونڈ 1 نتائج کے مطابق محمد شعیب (پاکستان) نے میلِح اناوتان (ترکیہ) کو 6-4، 7-5 سے شکست دی، مزمل مرتضیٰ (پاکستان) نے آرتیوم بوکن (روس) کو 6-1، 6-4 سے شکست دی، کیریم یلماز (ترکیہ) نے یاسین سمج (مراکش) کو 6-3، 6-3 سے شکست دی،

سمیع حمزہ ریگگ (الجزائر) (1) نے ایگور خوتچینکوف (روس) کو 6-3، 6-2 سے شکست دی، ایڈم فارق-کائو (کینیڈا) نے دمتری شیروکی (روس) کو 6-2، 6-0 سے شکست دی، عقیل خان (پاکستان) نے مکار کروشچیچکوف (روس) کو 6-3، 4-6، 6-0 سے شکست دی، ایڈوارڈو چیری لیگنیئر (اٹلی) نے عبدالعزیز عثمانجونوف (ازبکستان) کو 6-2، 6-0 سے شکست دی، نکیٹا یانن (روس) نے میکائیل علی بیگ (پاکستان) کو 5-7، 6-3، 6-1 سے شکست دی، ایوان یوٹکن (روس) نے عیسیٰ قبازرد (کویت) کو 6-2 (ریٹائرڈ) سے شکست دی۔ ڈبلز رائونڈ 1 میں میرت ناسی ترکر (ترکیہ) /ملیح اناوتان (ترکیہ) نے درشن سریش (ملائیشیا) / عیسیٰ قبازرد (کویت) کو 6-1، 7-6(7) سے شکست دی، گریگوری لوماکن (قازقستان) /مزمل مرتضیٰ (پاکستان) نے الادسلاو ترسیوچ (روس) /یاسین سمج (مراکش) کو 6-3، 3-6، (10-8) سے شکست دی۔