نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل ناگزیر ہے ،اس معاملے پر جلد کوئی مثبت پیش رفت سامنے آئے گی ،وفاقی وزراعبدالعلیم خان اور سردار محمد یوسف کی ملاقات میں گفتگو

وفاقی وزیر مواصلات و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سمیت مجموعی ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سمیت مجموعی ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت مواصلات کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے خیبرپختونخوا میں ہزارہ صوبے کی تشکیل کی مسلسل اور بھرپور حمایت کرنے پر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور نئے صوبوں کے حق میں موثر آواز بلند کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ صوبوں کی تقسیم نہیں بلکہ ان کی بہتر اور فعال تنظیم کا معاملہ ہے۔ چاروں صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل اب ناگزیر اور وقت کا اہم تقاضا بن چکی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا مقصد محض سیاست چمکانا نہیں بلکہ عوام کے حقیقی مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنا ہے تاکہ ہر شہری کی دہلیز تک تعلیم، صحت اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ روایتی صوبائی نظام عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ڈیلیور کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ دنیا جدید انتظامی اصلاحات کے ساتھ آگے بڑھ چکی ہے جبکہ ہم بدقسمتی سے 80 سال پرانے فرسودہ نظام سے جڑے ہوئے ہیں۔

رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ نئے صوبوں کے موضوع پر تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان کھلے دل سے صحت مندانہ مکالمہ ہونا چاہیے اور کسی بھی قسم کے ڈیڈ لاک سے گریز کرنا ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس اہم قومی مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے نشاندہی اور توجہ خوش آئند ہے۔ دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ اس معاملے پر جلد کوئی مثبت پیش رفت سامنے آئے گی اور قوم کو جلد اچھی خبریں مل سکتی ہیں۔