نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اردن کے نائب وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اردن کے نائب وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ ایمن الصفدی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔اتوار کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ​اردن کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں امن، مذاکرات اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔​

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تمام فریقین کے درمیان مثبت روابط کے فروغ کے ذریعے استحکام برقرار رکھنے جبکہ سفارت کاری اور مذاکرات سے تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔​

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور دوطرفہ و کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔