اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ون چائناپالیسی سمیت تمام بنیادی امور پر چین کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیاہے۔پیر کو وزارت خارجہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چینی سفیر نے چین کے وزیرِ خارجہ …
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے چینی سفیر کی ملاقات، ون چائنا پالیسی سمیت تمام بنیادی امور پر چین کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ون چائناپالیسی سمیت تمام بنیادی امور پر چین کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیاہے۔پیر کو وزارت خارجہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چینی سفیر نے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کی جانب سے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کو نئے سال کی مبارکباد اور نیک تمنائیں پہنچائیں۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور اور مسلسل حمایت کو سراہا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے ون چائنا پالیسی سمیت تمام بنیادی امور پر چین کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عوامی جمہوریہ چین کو چین کی نمائندگی کرنے والی واحد جائز حکومت تسلیم کرتا ہے اور تائیوان کو چین کا ناقابل تقسیم حصہ سمجھتا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک چین سٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی ستون اور خطے میں امن و استحکام کی ضامن ہے۔








