نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے کرغز کے نائب وزیر خارجہ کیرات ترسونکولوف کی ملاقات، تجارت اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے کرغز جمہوریہ

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے کرغز جمہوریہ کے نائب وزیر خارجہ کیرات ترسونکولوف نے پیر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی جس میں پاکستان اور کرغز جمہوریہ کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین نے بالخصوص تجارت اور علاقائی روابط کے شعبوں میں باہمی تعاون مضبوط بنانے پر گفتگو کی۔

اس موقع پر مشترکہ علاقائی ترجیحات کے فروغ کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے تحت مسلسل تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔کرغز جمہوریہ کے نائب وزیر خارجہ کیرات ترسونکولوف نے اپنے وزیر خارجہ ژین بیک کولوبایف کا خط نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو پہنچایا جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مضبوط بنیادوں اور دوطرفہ روابط کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ کیرات ترسونکولوف نے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے انعقاد کے سلسلے میں پرتپاک میزبانی اور بہترین انتظامات پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس میں شرکت پر کرغز جمہوریہ کے نائب وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں